QR CodeQR Code

حزب اللہ کے ڈرون صیہونیوں کے مخفی سکیورٹی اجلاس کا موضوع

5 Jul 2022 22:25

اسرائیلی سرکاری میڈیا تل ابیب کے ان دعوؤں کو دہراتا ہے کہ اسرائیل، مصر اور یورپی یونین کے درمیان کاریش گیس فیلڈ سے گیس نکالنے کا معاہدے موجود ہے، جو ستمبر کے اوائل سے شروع ہونیوالا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صیہونی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ تل ابیب کے سکیورٹی اور میڈیا کے اداروں نے حزب اللہ لبنان کے ڈرونز کی سرگرمیوں میں اضافے کے خوف سے خفیہ اجلاس منعقد کیا ہے۔ صیہونی سرکاری میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ''کاریش'' گیس فیلڈ میں حزب اللہ لبنان کے ڈرونز کی موجودگی کے بعد تل ابیب کے سکیورٹی حکام نے اس مقاومتی تحریک کی مزید سرگرمیوں کے خطرے کے پیش نظر آج ایک خفیہ میٹنگ منعقد کی۔ صیہونی ذرائع نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل کی کوشش ہے کہ وہ دنیا کو یہ باور کروانے میں کامیاب ہو جائے کہ حزب اللہ کے ڈرونز صرف اسرائیل کے لئے نہیں بلکہ عالمی امن کے لئے خطرہ ہیں۔ صیہونی میڈیا نے اس خفیہ اجلاس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے خبر دی ہے کہ یہ اجلاس اسرائیل کے وزیر توانائی ''کارین الحرار'' کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ان کے علاوہ اس اجلاس میں داخلی اور خارجی سکیورٹی کے تمام ادارے مثلاََ موساد، شاباک، صیہونی فوج اور ذرائع ابلاغ کے حکام نے شرکت کی۔

عبرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ تل ابیب کے سکیورٹی حکام نے اس ملاقات میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ حزب اللہ کے ڈرونز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، لیکن حالیہ رپورٹس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ کاریش گیس فیلڈ میں لبنانی مزاحمتی ڈرون کی موجودگی کے دوران اسرائیل کے پیغامات متحد اور مربوط نہیں تھے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ایک اسرائیلی بحری جہاز غیر قانونی طور پر کاریش گیس فیلڈ جو کہ مقبوضہ علاقوں اور لبنان کے درمیان متنازعہ علاقے میں واقع ہے، گیس نکالنے کے لیے داخل ہوا اور سمندر میں 29 سرحدی لائن عبور کرکے لبنان کی آبی سرحد کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے، جبکہ صیہونی سرکاری میڈیا تل ابیب کے ان دعوؤں کو دہراتا ہے کہ اسرائیل، مصر اور یورپی یونین کے درمیان کاریش گیس فیلڈ سے گیس نکالنے کا معاہدے موجود ہے، جو ستمبر کے اوائل سے شروع ہونے والا ہے۔


گذشتہ ہفتوں میں اسرائیلی وزیر توانائی نے براعظم افریقہ اور یورپ کے سفر کے دوران کوشش کی ہے کہ وہ یورپی اور مصری حکام کو ثابت کرسکیں کہ اسرائیل ان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرسکتا ہے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز لبنان کی مقاومتی تحریک حزب اللہ نے تل ابیب کے ساتھ متنازعہ کاریش گیس فیلڈ کے ارد گرد اپنے جدید ڈرونز کی سرگرمیوں کا اعلان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے تین ڈرونز نے اپنا مشن کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1002918

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002918/حزب-اللہ-کے-ڈرون-صیہونیوں-مخفی-سکیورٹی-اجلاس-کا-موضوع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org