QR CodeQR Code

حسین امیر عبداللہیان کیساتھ ایک مرتبہ پھر گفتگو کی ہے، جوزپ بورل

5 Jul 2022 23:52

ٹوئٹر پر جاری ہونیوالے ایک پیغام میں یورپی یونین کے سیکرٹری امور خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ کیساتھ اپنی تازہ ٹیلیفونک گفتگو کیجانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر ہم معاہدہ کرنا چاہتے ہیں تو سیاسی فیصلوں کا وقت یہی ہے


اسلام ٹائمز۔ یورپی یونین کے سیکرٹری امور خارجہ جوزپ بورل نے ایک پیغام میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ اپنی تازہ گفتگو کی خبر دی ہے۔ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے ایک پیغام میں یورپی یونین کے سیکرٹری امور خارجہ نے لکھا ہے کہ میں نے ٹیلیفون پر ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ دوبارہ گفتگو کی ہے۔ جوزپ بورل کا لکھنا تھا کہ اگر ہم معاہدہ کرنا چاہتے ہیں تو پھر سیاسی فیصلے کرنے کا وقت یہی ہے۔ جوزپ بورل نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا کہ یہ کام تاحال ممکن ہے تاہم یہ بھی ممکن ہے کہ ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) کی بحالی کے لئے ضروری سیاسی ماحول جلد ہی محدود ہو جائے۔

واضح رہے کہ ایرانی و یورپی وزارت خارجہ کے سربراہوں کی یہ ٹیلیفونک گفتگو ایک ایسے وقت میں انجام پائی ہے جب عرب میڈیا نے چند گھنٹے قبل ہی امریکہ کے ساتھ ایران کے حالیہ بالواسطہ مذاکرات کے بارے ایک اعلی سطحی ایرانی حکومتی عہدیدار سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ واشنگٹن کو حقیقی انیشی ایٹو لینا چاہیئے نہ یہ کہ وہ دوسرے فریق کی جانب سے پیش کردہ انیشی ایٹو پر بھی محض تنقید سے کام لیتا رہے۔ الجزیرہ نیوز چینل نے ایرانی حکومتی عہدیدار کا نام ظاہر کئے بغیر مزید نقل کیا کہ حالیہ دوحہ مذاکرات کے دوران جوہری معاہدے میں ایرانی مفاد کے تحفظ کے حوالے سے امریکی رویے میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں دیکھی گئی درحالیکہ امریکہ کی جانب سے قرار دی جانے والی تمام شرائط ایران کا مسلمہ حق ہے البتہ یہی فیصلہ سازی اگر یورپ کے سپرد کر دی گئی ہوتی تو یہ معاہدہ کب کا دستخط بھی ہو چکا ہوتا۔


خبر کا کوڈ: 1002940

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002940/حسین-امیر-عبداللہیان-کیساتھ-ایک-مرتبہ-پھر-گفتگو-کی-ہے-جوزپ-بورل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org