QR CodeQR Code

لبنان کے قدرتی ذخائر کا بھرپور تحفظ کیا جائے گا، حزب اللہ لبنان

6 Jul 2022 00:13

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ لبنان کے قدرتی ذخائر کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گیس اور تیل کے قدرتی ذخائر سے متعلق لبنان کے حقوق جلد از جلد فراہم کرے۔


اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ لبنان کے قدرتی ذخائر کا تحفظ اور دفاع ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ قدرتی ذخائر سے متعلق لبنان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا: "ہم آج لبنانی قوم کے جائز مطالبے سے روبرو ہیں اور وہ ہماری سمندری حدود میں موجود تیل اور گیس کے ذخائر واپس لوٹانے پر مبنی ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "بعض اس مسئلے کو موکول کر دینے کا مشورہ دے رہے ہیں لیکن یہ درست اقدام نہیں ہے اور ہم اسرائیل کی جانب سے گیس اور تیل نکالنے پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے۔ ہمارا موقف واضح ہے جو اپنے قدرتی ذخائر مکمل طور پر حاصل کرنے پر مشتمل ہے۔"
 
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ لبنان کمزور نہیں ہے اور وہ اپنے حقوق کا دفاع کر سکتا ہے۔ انہوں نے ملک میں جلد از جلد نئی حکومت کی تشکیل کو ضروری قرار دیا اور کہا: "ہم جانتے ہیں کہ امریکہ اور اس کے اتحادی لبنان میں حکومت کی تشکیل نہیں چاہتے اور وہ لبنان میں سکون قائم ہوتا نہیں دیکھ سکتے۔ لیکن ہمیں حکومت کی تشکیل کیلئے ملکی سطح پر جرات مندانہ اقدامات انجام دینا ہوں گے۔" یاد رہے ہفتہ 2 جولائی کے دن غاصب صہیونی فوج نے دعوی کیا تھا کہ اس نے حزب اللہ لبنان کے تین ڈرون طیارے مار گرائے ہیں جو کیرش میں گیس اور تیل نکالنے والے اسٹیشن کی جانب رواں دوان تھے۔ صہیونی فوج کے مطابق یہ ڈرون طیارے غیر مسلح تھے اور محض جاسوسی کر رہے تھے۔ دوسری طرف حزب اللہ لبنان نے بھی ان ڈرون طیاروں کا اعتراف کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ صرف معلومات حاصل کرنے کیلئے بھیجے گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 1002945

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002945/لبنان-کے-قدرتی-ذخائر-کا-بھرپور-تحفظ-کیا-جائے-گا-حزب-اللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org