0
Wednesday 6 Jul 2022 05:57

ویڈیوز کے ذریعے ہراساں کرنے کا سلسلہ نہ رکا تو جو راز معلوم ہیں سب بتا دونگا، عمران خان

ویڈیوز کے ذریعے ہراساں کرنے کا سلسلہ نہ رکا تو جو راز معلوم ہیں سب بتا دونگا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ساری سازش اور اس کے ایک ایک کردار کا پتہ ہے، میں نے ایک ویڈیو بھی بنائی ہوئی ہے، کچھ ہوا تو وہ سامنے آئے گی۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی ایک بات ہو جائے تو نامعلوم نمبر سے کال آجاتی ہے، عدلیہ سے پوچھتا ہوں کہ کیا مارشل لا لگ گیا ہے؟، ادب سے عدلیہ سے پوچھتا ہوں کہ کیا ملک میں انسانی حقوق معطل ہوگئے ہیں؟، ہم پر دہشت گردی کے کیس بنائے ہوئے ہیں، تاکہ ہم ڈر کر بیٹھ جائیں۔
 
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھے سب پتہ ہے کہ کس نے کیا کیا، میں چپ ہوں اپنی قوم کے لیے، چاہتا ہوں کہ ملک کو نقصان نہ پہنچے، اس لیے کوئی بات نہیں کرتا، مجھے پتہ ہے کس طرح یہ سازش ہوئی اور اس سازش میں کون کون ملوث ہے، میں نے ایک ویڈیو بنائی ہے اور محفوظ جگہ پر رکھی ہوئی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ویڈیو سے قوم کو پتہ چلے گا کہ کن کن کرداروں نے کیا کیا اور اس ملک سے جو اتنی بڑی غداری کی گئی، وہ کس کس نے کی، اگر اسی طرح ہمیں دیوار سے لگایا گیا اور ہراساں کیا گیا تو پھر مجبور ہو کر بولوں گا، پھر سب کچھ قوم کے سامنے رکھ دوں گا کہ کیا ہوا ہے۔
 
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ان سب کا مقصد این آر او ٹو لینا تھا، ان کی ہمیں گرانے کی کوشش صرف اس لیے تھی کہ دوسری چوری پر این آر او مل جائے، آج اس حکومت نے مہنگائی کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، نواز شریف کی چوری پر فلمیں بنی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ہر چیز مثبت سمت میں جا رہی تھی، ہمارے دور میں 75 فیصد برآمدات بڑھیں، برصغیر میں سب سے زیادہ پاکستان روزگار دے رہا تھا، صرف مہنگائی اوپر نہیں گئی بلکہ معیشت کے تمام اشاریے نیچے گئے، دو سالوں میں 75 فیصد ایکسپورٹس بڑھی تھیں، سازش کرنے والوں کے ذہن میں نہیں تھا کہ عوام اس طرح سڑکوں پر نکلیں گے، جو بھی اس سازش میں ملوث ہیں، ان کو سوچنا چاہیئے، ان کا نظریہ پیسہ ہے، یہ اپنے نظریئے کے لیے سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ کشمیریوں کو نظر انداز کرکے بھارت سے تعلقات ٹھیک کریں گے، یہ روس سے تیل بھی نہیں لیں گے، ان کو خوف ہے کہ جن ملکوں میں پیسہ پڑا ہے، وہ ناراض ہوگئے تو ان کا پیسہ خطرے میں پڑ جائے گا، ان کا نظریہ پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ اسرائیل کو بھی تسلیم کریں گے، یہ پاکستان میں اڈے بھی امریکیوں کو دے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج 5 جولائی کو مارشل لا لگا کر ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کو ختم کیا گیا تھا، ذوالفقار علی بھٹو ملک کو آزاد خارجہ پالیسی کی طرف لے کر جا رہے تھے، امریکا خوش نہیں تھا کہ پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی ہو۔
خبر کا کوڈ : 1002977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش