QR CodeQR Code

سیاسی جماعتوں کا بنیادی حق ہے کہ اس کا رکن اس سے وفاداری کرے، سپریم کورٹ

6 Jul 2022 06:22

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ منحرف اراکین کا معاملہ کیس ٹو کیس دیکھیں گے، پارٹی سربراہ کی ڈکٹیٹرشپ کا معاملہ بھی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ اراکین کی وفاداری سیاسی جماعتوں کا بنیادی حق ہے۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین کی طرف سے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے نااہلی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران کہا ہے کہ انحراف چھوٹی بات نہیں یہ انسان کے ضمیر کا معاملہ ہے اور پارٹی سربراہ نہیں پارلیمانی لیڈر کی ہدایات پر عمل کرنا ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ 20 مئی کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نون کے وزیراعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز کے حق میں ووٹ دینے پر ای سی پی نے پی ٹی آئی کے 25 اراکین کو نااہل قرار دیا تھا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ منحرف اراکین کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، سیاسی جماعتوں کا بنیادی حق ہے کہ اس کا رکن اس سے وفاداری کرے۔ چیف جسٹس نے برطانوی وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو معلوم ہے بورس جانسن کو شکست کہاں ہوئی، بورس جانسن کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد پارلیمنٹ میں نہیں آئی تھی، بورس جانسن کے خلاف تحریک عدم اعتماد پارلیمانی پارٹی میں لائی گئی تھی۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ منحرف اراکین کا معاملہ کیس ٹو کیس دیکھیں گے، ہمارے سامنے پارٹی سربراہ کی ڈکٹیٹرشپ کا معاملہ بھی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے پنجاب اسمبلی کے منحرف اراکین کو پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے کے نکتے پر تیاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔


خبر کا کوڈ: 1002984

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002984/سیاسی-جماعتوں-کا-بنیادی-حق-ہے-کہ-اس-رکن-سے-وفاداری-کرے-سپریم-کورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org