0
Wednesday 6 Jul 2022 11:48

اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران ریاض کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران ریاض کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اینکر عمران ریاض کے وکیل کو لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ اینکر عمران ریاض خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے سماعت کی۔ چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے سماعت میں کہا کہ رات کو رپورٹ آئی ہے کہ اینکر عمران ریاض کو گرفتار کیا گیا ہے۔ عمران ریاض کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے مؤکل نے مجھے فون کرکے بتایا کہ وہ اسلام آباد ٹول پلازہ پر ہیں۔ وکیل کا عدالت میں کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ میں پولیس نے عمران ریاض کے خلاف 17 مقدمات درج ہونے کی رپورٹ دی، لاہور ہائی کورٹ میں الگ سے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔ عمران ریاض کے وکیل نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کو رات کی ایف آئی آر سے متعلق نہیں بتایا گیا تھا بلکہ یہ چھپائی گئی تھی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہر عدالت کا اپنا دائرہ اختیار ہے، لاہور ہائی کورٹ اس معاملے کو دیکھ سکتی ہے، اٹک میں عمران ریاض خان کی گرفتاری ہوئی، جو اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا۔

عمران ریاض کے وکیل نے کہا کہ اس عدالت نے واضح احکامات دیئے تھے، جن کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عمران ریاض خان کو اسلام آباد پولیس نے نہیں، پنجاب پولیس نے گرفتار کیا ہے، ہم اس کیس میں کوئی آبزرویشن نہیں دے رہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ اگر لاہور ہائی کورٹ کہے کہ اسلام آباد سے گرفتاری ہوئی ہے تو وہ آرڈر اس عدالت کے سامنے لے آیئے گا، ابھی یہ آپ کے مفاد میں ہے کہ لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔ عدالت نے عمران ریاض کے وکیل کو لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ اس موقع پر عمران ریاض کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ گذشتہ رات کو عدالت کھولنے پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے جواب میں کہا کہ کوئی بھی درخواست گزار کسی بھی وقت آئے، ہم سننے کے لیے تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1003032
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش