QR CodeQR Code

ہمارے پاس منظم انتفاضہ کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں، حماس کے سینیئر رہنماء

6 Jul 2022 16:20

فلسطینی نوجوان کی شہادت پر اپنے ردعمل میں حماس کے سینیئر رہنماء کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی حکومت اپنے جرائم کو جاری رکھے ہوئے ہے، جسکی تازہ ترین مثال رفیق غانم کی شہادت ہے اور اسرائیل کا یہ عمل اس کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کے جرائم پر اپنے ردعمل میں حماس کے ایک سینیئر رہنماء کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اس حالیہ صورتحال سے چھٹکارہ پانے کے لئے منظم انتفاضہ کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے۔ مغربی کنارے میں حماس کی قومی رابطہ کمیٹی کے سربراہ ''جاسم البرغوثی'' نے آج (بدھ) بیس سالہ فلسطینی نوجوان ''رفیق غانم'' کی شہادت کے ردعمل میں کہا کہ غاصب صیہونی حکومت اپنے جرائم کو جاری رکھے ہوئے ہے، جس کی تازہ ترین مثال رفیق غانم کی شہادت ہے اور اسرائیل کا یہ عمل اس کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ البرغوثی نے فلسطینیوں کو صیہونیوں کی مزید خطرناک سازشوں سے آگاہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جن کا مقصد مغربی کنارے اور قدس میں فلسطینیوں کی مادی اور روحانی موجودگی کو دہشت زدہ کرنا اور ان کی طاقت کے ذرائع کو تباہ کرنا ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے کہ ہم ایک ہمہ جہت انتفاضہ شروع کریں اور ایک وسیع انقلاب کا آغاز کریں، تاکہ اس منظر نامے کو دوبارہ دہرایا جا سکے جس میں صیہونی بستیوں و سازشوں کی تباہی اور ہماری سرزمین اور لوگوں کے تحفظ کی ضمانت ہو۔

یاد رہے کہ آج (بدھ) صبح صیہونی فوج نے مغربی کنارے کے علاقوں ''سلواد''، ''جنین''، ''طولکرم'' اور ''الخلیل'' میں وسیع پیمانے پر گرفتاریاں کیں۔ بعض علاقوں میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے مابین مسلح تصادم بھی ہوا، جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اس حوالے سے فلسطینی اداروں کا کہنا ہے کہ تقریباََ 37 کے قریب افراد کو صیہونی فوج اور آباد کاروں کے خلاف سرگرمیوں کے الزم میں گرفتار کیا گیا ہے۔ رفیق ریاض غنام نامی فلسطینی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ رپورٹس کے مطابق، اسرائیل کے اس اقدام کے سبب جنین اور نابلس میں مسلح جھڑپیں شروع ہوگئیں اور فلسطینی حُریت پسندوں نے صیہونی فوجیوں پر ''جبع'' شہر پر حملے کے دوران فائرنگ کر دی۔


خبر کا کوڈ: 1003078

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1003078/ہمارے-پاس-منظم-انتفاضہ-کے-علاوہ-کوئی-اور-راستہ-نہیں-حماس-سینیئر-رہنماء

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org