QR CodeQR Code

این اے 245 میں ہونیوالا ضمنی الیکشن اتوار کے دن منعقد کرایا جائے، خواجہ اظہار الحسن کا مطالبہ

6 Jul 2022 23:34

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ بڑے بڑے نام ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور الیکشن میں اپنی ہار کو دیکھ کر منظر عام سے غائب ہوجاتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن خواجہ اظہار الحسن نے الیکشن کمیشن آفس میں حلقہ NA-245 کے حق پرست نامز امیدوار معید انور کا پارٹی ٹکٹ جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حلقہ سے ایم کیو ایم ہمیشہ سے جیتی رہی ہے اور یہاں کے عوام ہر دفعہ پتنگ کو مہر لگا کر ایم کیو یم کے حق پرست امیدوار کو فتح سے ہمکنار کرتے آرہے تھے لیکن پچھلے الیکشن میں دھاندلی کرکے ایم کیو ایم سے یہ سیٹ چھین لی گئی تھی، ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کے بعد اس حلقے میں دوبارہ ضمنی الیکشن کرایا جا رہا ہے، اب اس ہونے والے ضمنی الیکشن عوام ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیابی کی جانب ہمکنار کریں گے۔

خواجہ اظہار نے مزید کہا کہ بڑے بڑے نام ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور الیکشن میں اپنی ہار کو دیکھ کر منظر عام سے غائب ہوجاتے ہیں، ہمیں خدشہ ہے کہ NA-245 کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے موقع پر دھاندلی نہ کرائی جائے، اگر صاف اور شفاف طریقے سے ضمنی الیکشن ہوئے تو یہ سیٹ دوبارہ ایم کیو ایم پاکستان کے پاس آجائے گی۔ خواجہ اظہار الحسن نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ NA-245 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کو اتوار کے دن منعقد کرایا جائے، اس دن عام تعطیل ہوتی ہے اور اس حلقہ میں زیادہ تر مزدور اور غریب و متوسط طبقے کے عوام رہتے ہیں جو اپنی روزی کے کمانے کی فکر میں لگے رہتے ہیں، اگر ان کو یہ سہولت دستیاب ہوگی تو وہ بھی اپنا ووٹ باآسانی کاسٹ کر سکیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1003132

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1003132/این-اے-245-میں-ہونیوالا-ضمنی-الیکشن-اتوار-کے-دن-منعقد-کرایا-جائے-خواجہ-اظہار-الحسن-کا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org