QR CodeQR Code

الیکشن کی تاریخ دی جائے تو گرینڈ ڈائیلاگ کیلئے تیار ہیں، فواد چودھری

6 Jul 2022 19:36

اس موقع پر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ گرینڈ ڈائیلاگ تو وہ کریں جو عوام کا مینڈیٹ لیکر آئیں، پارلیمان میں کوئی اپوزیشن نہیں، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پارلیمنٹ سے باہر ہے۔ موجودہ حکومت نے لاقانونیت کی انتہاء کر دی ہے، اگر آپ نے مارشل لا لگانا ہے تو صاف بتا دیں، ہم جہاں جاتے ہیں، راستے میں گاڑی روک دی جاتی ہے اور گھسیٹ کر غائب کر دیا جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دی جائے تو تحریک انصاف گرینڈ ڈائیلاگ کے لیے بالکل تیار ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت پے درپے ایسی حرکتیں کر رہی ہے کہ جمہوریت ختم ہی ہو جائے، اس حکومت کا ہر دوسرے دن ایک نیا سکینڈل سامنے آرہا ہے، سولر کا ایک سکینڈل ہے، جس پر تحقیقات ہونی چاہیئے۔ ہمارے کسی ایک وزیر پر کرپشن کا کیس نہیں، ہمارے دور میں جو کیپٹن صفدر سے ہوا، وہ سندھ حکومت نے کیا، سندھ میں 2 صحافیوں کا قتل ہوا اور سیاستدانوں پر مقدمات درج ہو رہے ہیں، سیاسی مسائل کا حل چاہتے ہیں، لیکن پہلے الیکشن کی تاریخ دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب سب سے پہلے جواب دیں کہ آپ کے شوہر آسٹریلین شہری ہیں، انکے شوہر پاکستان میں ٹوبیکو انڈسٹری کی نمائندگی کر رہے ہیں، پچھلی دفعہ آپ کی لابی کے کہنے کی وجہ سے ٹوبیکو کی صنعت کو اربوں کی مراعات دی گئیں، آپ کی لابی کے کہنے کی وجہ سےخصوصاً فارن کمپنیوں کو رعایت دی گئی، اب علی ترین اور مریم اورنگزیب کی لابی کی وجہ سے ٹوبیکو صنعت کو اربوں روپے کی ٹیکس مراعات ملیں۔ اس موقع پر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ گرینڈ ڈائیلاگ تو وہ کریں جو عوام کا مینڈیٹ لے کر آئیں، پارلیمان میں کوئی اپوزیشن نہیں، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پارلیمنٹ سے باہر ہے۔ موجودہ حکومت نے لاقانونیت کی انتہاء کر دی ہے، اگر آپ نے مارشل لا لگانا ہے تو صاف بتا دیں، ہم جہاں جاتے ہیں، راستے میں گاڑی روک دی جاتی ہے اور گھسیٹ کر غائب کر دیا جاتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1003137

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1003137/الیکشن-کی-تاریخ-دی-جائے-گرینڈ-ڈائیلاگ-کیلئے-تیار-ہیں-فواد-چودھری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org