QR CodeQR Code

ریاستی اداروں کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم، ہائیکورٹ کی درخواست میں ترمیم کی ہدایت

7 Jul 2022 10:29

جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے درخواستگزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائے ہیں، لگتا ہے آپ نے ایک پارٹی کو فوکس بنایا ہے، پٹیشن میں ترمیم کرکے مفاد عامہ کی درخواست دائر کر دیں، ترمیمی درخواست کا جائزہ لے کر لارجر بنچ کیلئے بھجوایا جا سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ میں عدلیہ، فوج اور الیکشن کمیشن کیخلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم پر پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواستگزار کو درخواست میں ترمیم کی ہدایت کر دی۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے شہری اختر علی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار کی جانب سے میاں دائود ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے درخواستگزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائے ہیں، لگتا ہے آپ نے ایک پارٹی کو فوکس بنایا ہے، پٹیشن میں ترمیم کرکے مفاد عامہ کی درخواست دائر کر دیں، ترمیمی درخواست کا جائزہ لے کر لارجر بنچ کیلئے بھجوایا جا سکتا ہے۔

درخواست میں وفاقی اور صوبائی اداروں اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین و قانون میں آزادی اظہار رائے کی اجازت ہے، مگر مسلسل منظم مہم چلانا جرم ہے۔ عدلیہ، فوج اور الیکشن کمیشن کیخلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم چلائی جا رہی ہے، اداروں کیخلاف منظم مہم چلانے کے پیچھے پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا سیل متحرک نظر آتا ہے، اداروں کیخلاف پی ٹی آئی کا ایک رہنما بیان دیتا ہے، پھر اس بیان کو سوشل میڈیا پر وائرل کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سیل نے سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو سکینڈلائز کیا، لاہور ہائیکورٹ کے 5 رکنی بنچ کو عدلیہ کو منظم مہم کے ذریعے سکینڈلائز کرنے پر فیصلے میں حکم جاری کرنا پڑا۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ لاہور ہائی کورٹ حکومت اور ایف آئی اے کو اداروں کیخلاف مواد سوشل میڈیا سے ہٹانے کا حکم دے، مزید استدعا کی گئی کہ اداروں کو سکینڈلائز کرنے اور جھوٹا مواد بنانے اور پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ اداروں کیخلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم روکنے کیلئے حکومت کو پالیسی بنانے کا حکم دیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1003216

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1003216/ریاستی-اداروں-کیخلاف-سوشل-میڈیا-پر-مہم-ہائیکورٹ-کی-درخواست-میں-ترمیم-ہدایت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org