QR CodeQR Code

ہم ہر اس تحریک کے حامی ہیں جس کی بنیاد ظلم سے نفرت پر ہے، علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی

7 Jul 2022 15:13

حزب موتلفہ اسلامی کی میزبانی میں منعقدہ کانفرنس سے اپنے خطاب میں پاکستان کی نظریاتی اساس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امور خارجہ نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک انقلابی ریاست ہے۔ پاکستان کا وجود ایک انقلاب کا مرہون منت ہے جس کی قیادت بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے کی۔


اسلام ٹائمز۔ ہم ہر اس تحریک کے حامی ہیں جس کی بنیاد ظلم سے نفرت پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے  تہران میں منعقدہ  ایک کانفرنس میں کیا۔ حزب موتلفہ اسلامی کی میزبانی میں منعقدہ کانفرنس میں مسلم امہ کی سیاسی و انقلابی تحریکوں اور جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی۔ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے خطاب میں پاکستان کی نظریاتی اساس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک انقلابی ریاست ہے۔ پاکستان کا وجود ایک انقلاب کا مرہون منت ہے جس کی قیادت بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے کی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان اور پاکستان بننے کے بعد حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی تقریریں، اقدامات اور بیانات اس بات کی گواہی ہیں کہ محمد علی جناحؒ نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں بلکہ دنیا کی ہر مظلوم قوم کے لیے درد دل رکھتے اور حقیقی معنوں میں ایک عالمی انقلابی رہنما تھے۔ محمد علی جناح ؒ نے جو اقدامات فلسطینی قوم کے لیے اٹھائے وہ اس زمانے میں ثانی نہیں رکھتے اور وہ انتہائی انقلابی اقدامات تھے۔ ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ دنیا بھر کی انقلابی تحریکوں اور مظلوموں و مستضعفوں کی حمایت پاکستان کی نظریاتی اساس میں شامل ہے جس کا درس بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ پاکستانی قوم کو دیکر گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1003256

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1003256/ہم-ہر-اس-تحریک-کے-حامی-ہیں-جس-کی-بنیاد-ظلم-سے-نفرت-پر-ہے-علامہ-ڈاکٹر-شفقت-شیرازی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org