QR CodeQR Code

گلگت میں عزاداروں پر فائرنگ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، علامہ تصور نقوی

31 Jul 2022 22:43

ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء کا کہنا تھا کہ ہمیشہ ملت جعفریہ نے لاشیں اٹھانے کے باوجود ملکی بقا و سالمیت کی خاطر امن و امان کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور کبھی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کی۔


اسلام ٹائمز۔ علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی رہنماء مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر و ممبر علماء مشائخ کونسل آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ گلگت میں محرم الحرام کے آغاز میں ہی نہتے عزاداروں پر پتھراؤ، فائرنگ کے نتیجے میں دو عزاداروں کی شہادت جہاں ایک المناک سانحہ ہے وہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بھی ہے۔ گلگت کا خطہ کبھی امن و آشتی کا گہوارہ ہوا کرتا تھا لیکن گزشتہ چند دہائیوں سے فرقہ واریت کی ایسی آگ پھوٹی کہ جو تھمنے میں نہیں آرہی لیکن گزشتہ چند سالوں میں فضا پرامن رہی لیکن اب محرم کے آغاز میں دہشتگردی کی یہ چنگاری اٹھنا کسی بڑے سانحے کا خدا نحواستہ پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت میں علم کشائی کے لیے آنے والے عزاداروں پر حملہ جن میں آغا راحت الحسینی اور ان کے ساتھ بہت سے احباب شامل تھے، انتہائی تشویشناک ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں جو عزادار شہید ہوئے ان کی شہادت پر ان کے خانوادوں سے تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہوئے وفاقی حکومت، جی بی و آزاد کشمیر حکومت سے بھرپور مطالبہ ہے کہ وہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں فوری طور پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو متحرک کریں تاکہ اس پرامن خطے میں مزید ایسا معاملہ نہ ہو جس سے اس طرح قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو۔

علامہ تصور جوادی نے مزید کہا کہ ہمیشہ ملت جعفریہ نے لاشیں اٹھانے کے باوجود ملکی بقا و سالمیت کی خاطر امن و امان کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور کبھی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کی لہذا ملت تشیع کی یہ روش بحال و برقرار رہے گی لیکن ایسا بھی نہ ہو کہ ظلم برداشت کرتے کرتے ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے۔ انہوں نے علامہ سید راحت الحسینی کی صحت و سلامتی اور باقی زخمی عزاداروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور مملکت پاکستان کی امن و سلامتی کے لیے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک کڑا وقت ہے، اس میں ہمیں شیعہ، سنی کو متحد ہوکہ ایسے امور سرانجام دینے چاہیے جو باہمی وحدت و اخوت کو اجاگر کریں اور کوئی ایسی بات نہ ہو جس سے کسی کی دل آزاری ہو محرم امن و محبت کا مہینہ ہے، جس میں امن و آشتی کا درس دینا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 1006977

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1006977/گلگت-میں-عزاداروں-پر-فائرنگ-قانون-نافذ-کرنیوالے-اداروں-کی-کارکردگی-سوالیہ-نشان-ہے-علامہ-تصور-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org