QR CodeQR Code

حکومت محرم الحرام میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے، جماعت اسلامی

31 Jul 2022 23:56

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے علمائے کرام پر زور دیا ہے کہ وہ محرم الحرام میں اتحاد امت کو برقرار رکھیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے علمائے کرام پر زور دیا ہے کہ وہ محرم الحرام میں اتحاد امت کو برقرار رکھیں اور حکومت سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی انتخابات اور دیگر دعوتی اور تنظیمی امور پر غور کیا گیا، جبکہ صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ پیش کیا۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ حکومتی دعوؤں کے برعکس معیشت تباہ اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، حکومتی کرپشن اور اقرباپروری سے سندھ کا ہر شہر موئن جو دڑو بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو جب حکومت دلائی گئی تو ڈالر 178 روپے کا تھا، جو اب ڈھائی ماہ میں 250 تک پہنچ گیا ہے، روپے کی مسلسل بے قدری اور ڈالر میں 33 فیصد اضافہ قابل تشویش اور حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی 37 فیصد تک پہنچ گئی ہے، عام آدمی دو وقت کی روٹی کیلئے بھی سخت پریشان ہے۔ اجلاس میں 8, 9 اور 10 محرم الحرام کو ضلعی تربیت گاہیں، ہفتہ جشن آزادی اور 26 اگست کو جماعت اسلامی کا یومِ تاسیس بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 1006990

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1006990/حکومت-محرم-الحرام-میں-سیکیورٹی-کے-فول-پروف-انتظامات-کو-یقینی-بنائے-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org