0
Monday 1 Aug 2022 19:37

محرم الحرام عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے، نفیس قادری

محرم الحرام عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے، نفیس قادری
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے کہا ہے کہ محرم الحرام  عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے۔ اس مقدس مہینے میں فرقہ واریت اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کر کے اتحاد، اتفاق امن و امان اور تحمل کو فروغ دینا چاہیے۔ ماہ محرم اپنی فضیلت، عظمت، حرمت اور برکت کے لحاظ سے انفرادی اہمیت کا حامل ہے۔ خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دین حق کی سربلندی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر کے حق اور باطل کے درمیان قیامت تک کیلئے لیکر کھینچ دی اور منافقوں، غاصبوں، فاسقوں کے چہروں سے نقاب اٹھا دئیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ پیغام شہادت امام حسینؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں علما و مشائخ، منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ حق اور انصاف کیلئے جدوجہد کرنا قربانیاں دینا حسینی طرز حیات ہے، جبکہ مظلوموں کو اقتدار اور اختیارات کیلئے انصاف سے محروم کرنا انہیں اذیتوں میں مبتلا کرنا اور پھر جانیں لینا یزیدی فکر اور طرز حکومت و سیاست ہے۔ رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ کہ محرم الحرام کے ایام ایثار، قربانی، برداشت کا درس دیتے ہیں اور حق کی خاطر جان مال، اولاد قربان کرنے سے دریغ نہ کرنے کی تعلیمات سے عبارت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزیدی دہشتگردی کا دینی غیرت و حمیت کیساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا اور باطل کو قیامت تک کیلئے سرنگوں کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج جس دور فتن میں سانس لے رہے ہیں وہ حسینی طرز عمل اختیار کرنے کا متقاضی ہے۔

رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ علمائے کرام امن اور اسلامی اخوت کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کریں اور معاشرے میں برداشت، رواداری کا فروغ دیں۔ علماء و مشائخ فکر حسینی کو عام کریں اور نفرت پھیلانے والوں کیخلاف متحد ہو جائیں۔ حضرت امام عالیٰ مقام علیہ السلام نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت اور روا داری کا درس دیا۔
خبر کا کوڈ : 1007118
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش