QR CodeQR Code

حکومت ایام عزا میں فول پروف سکیورٹی کا اہتمام کرے، علامہ مقصود ڈومکی

2 Aug 2022 01:38

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم رہنماء کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین عالی مقام علیہ السلام کی عزاداری، مجالس اور ذکر عظیم عبادت ہے۔ لہذا اس عبادت کیخلاف درج ہونیوالے مقدمات غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء اور مرکزی سربراہ عزاداری کونسل علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین عالی مقام علیہ السلام کی عزاداری، مجالس اور ذکر عظیم عبادت ہے۔ لہذا اس عبادت کے خلاف درج ہونے والے مقدمات غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں، ایف آئی آر ہمیشہ جرم پر ہوتی ہے جبکہ عزاداری اور ذکر حسین علیہ السلام جرم نہیں بلکہ عبادت ہے۔ عبادت کو جرم کا درجہ دیکر ایف آئی آر کرنے والے مجرم ہیں۔ پاکستان کا آئین اور حقوق انسانی کا عالمی منشور ہمیں مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ لہذا عزاداری کے خلاف کالے قانون اور بے جا پابندیاں ملت جعفریہ کسی صورت میں ماننے کے لئے تیار نہیں ہے۔ پنجاب حکومت عزاداری میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی بجائے ایام عزا میں عزاداروں سے مکمل تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ نئی سبیل، نئی مجلس پر پابندی بلاجواز ہے، پانی پلانا عظیم عبادت ہے اور اس پر اعتراض کرنے والے گھٹیا ذہنیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کون سا قانون ہے، جو لوگوں کو پانی پلانے سے روکتا ہے؟ پیاسے انسانوں کو پانی پلانے والے عظیم عبادت انجام دے رہے ہیں، لہذا ہم سب کو ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خدشات موجود ہیں، لہٰذا حکومت کو چاہیئے کہ وہ عوام کے لئے ایام عزا میں فول پروف سکیورٹی کا اہتمام کرے، ایک ایسے وقت میں جب حکومت اور مقتدر حلقے کے دہشت گردوں سے مذاکرات ہو رہے ہیں اور اسی ہزار 80 ہزار شہداء کے مقدس خون پر سودے بازی ہو رہی ہے، ایسے میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں، حکومت کو چاہیئے کہ وہ اس صورتحال میں وارثان شہداء کو اعتماد میں لے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں لیڈیز کے اجتماعات ہو رہے ہیں، جبکہ حکومت اور محکمہ پولیس کے پاس مطلوبہ تعداد میں لیڈیز پولیس موجود نہیں ہے، لہذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک بھر میں عوام کے تحفظ کے لئے لیڈیز پولیس کی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایام عزا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ انتہائی افسوس ناک ہے، خصوصاً رات کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ خطرناک ہے۔ جہاں جہاں مجالس اور عزاداری کے پروگرامز ہیں، وہ لوڈشیڈنگ سے متاثر ہو رہے ہیں۔ رات کی لوڈشیڈنگ بہت بڑا سکیورٹی رسک ہے۔ ملک بھر میں ہونے والی بارشوں کے باعث عزاداری جلوسوں کے روٹس پر پانی کھڑا ہے، لہذا نکاسی آب کا مسئلہ حل کرتے ہوئے جلوسوں کے روٹس کو کلیئر کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1007177

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1007177/حکومت-ایام-عزا-میں-فول-پروف-سکیورٹی-کا-اہتمام-کرے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org