QR CodeQR Code

اہلبیت، خلفائے راشدین اور صحابہ کرام کی محبت ہی عین ایمان ہے، ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب

2 Aug 2022 14:42

دفتر جماعت اسلامی میں منعقدہ اتحاد اُمت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اس وقت امت کو خلفائے راشدین، اہلبیت اور شہدائے کربلا سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانا چاہئیے۔


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے صدر میاں آصف اخوانی، جنرل سیکرٹری محمد ایوب مغل نے کہا ہے کہ اس وقت اتحاد امت کی سخت ضرورت ہے، ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابوالخبیر آزاد اور مرکزی ناظم اعلی لیاقت بلوچ کی ہدایت پر پورے ملک کی طرح جنوبی پنجاب میں یکم محرم سے 10محرم تک امن کا پیغام کو عام کیا جائے گا اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی، تاکہ پاکستان خصوصا ملتان امن کو برقرار رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے زیراہتمام اتحاد امت سیمینار جماعت اسلامی کے دفتر دارالسلام کلمہ چوک میں کیا، سیمینار میں صدر ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب میاں آصف اخوانی، جنرل سیکرٹری محمد ایوب مغل، علامہ عنایت اللہ رحمانی، حافظ اللہ دتہ کاشف ایڈووکیٹ، پروفیسر عبدالرزاق شاد، بشارت عباس، سلیم عباس صدیقی، قاری اللہ رکھا، حافظ محمد اسلم، عبدالحنان حیدری، مولانا محمد اسرار الحق مجاہد، احسان الہی، کیف صحرائی، سید وسیم عباس زیدی، عبدالحلیم خان، سید دلاور رضا، حافظ محمد نعیم، خالد محمود فاروقی شریک تھے۔

سیمینار میں سیدنا امام عالی مقام حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی شہادت کو خراج تحسین پیش کیا اور سیدنا حضرت امیرالمومنین عمر فاروق کی اسلام کیلئے خدمات کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ اہلبیت، خلفائے راشدین اور صحابہ کرام کی محبت ہی عین ایمان ہے اور اس وقت امت کو خلفائے راشدین، اہلبیت اور شہدائے کربلا سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانا چاہئیے۔ ملی یکجہتی کونسل کے رہنمائوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں گے کہیں بھی شرپسند عناصر کو دیکھیں تو فورا پولیس کو اطلاع کریں خود قانون کو ہاتھ میں لیں اور ملتان کی انتظامیہ سے گزارش کی گئی امن کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پہنچائیں اور طے شدہ ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔


خبر کا کوڈ: 1007235

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1007235/اہلبیت-خلفائے-راشدین-اور-صحابہ-کرام-کی-محبت-ہی-عین-ایمان-ہے-ملی-یکجہتی-کونسل-جنوبی-پنجاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org