0
Tuesday 2 Aug 2022 23:06

پرویز الٰہی کا راجن پور اور ڈی جی خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

پرویز الٰہی کا راجن پور اور ڈی جی خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب سے متاثرہ راجن پور اور ڈی جی خان کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے تمام علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے جاں بحق افراد کے لواحقین میں 8، 8 لاکھ کی مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور رود کوہیوں کے راستوں کو چینلائزڈ کرنے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی، سروے کے عمل کو شفاف بنایا جائے گا، بغیر کسی سیاسی وابستگی سیلاب متاثرین کی خدمت کریں گے اور لوگوں کے دل جیتیں گے۔ پرویزالٰہی نے سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے، ان کی جلد بحالی ہماری پہلی ترجیح ہے، مالی امداد کسی کی جان کا نعم البدل نہیں، مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، جن کے پیارے دنیا سے چلے گئے ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔  

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے ہیں جہاں سیلاب متاثرین کو وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سردار نصراللہ دریشک، حسنین بہادر دریشک، محسن لغاری، فاروق امان اللہ دریشک، اویس خان دریشک، کمشنر ڈیرہ غازی خان، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
خبر کا کوڈ : 1007296
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش