QR CodeQR Code

موجودہ حکمرانوں کا مقصد صرف این آر او حاصل کرنا تھا

ملک کو بچانے کا واحد راستہ فوری اور شفاف الیکشن ہیں، عمران خان

ملک کو اس دلدل سے نکالنے کا واحد حل جلد از جلد انتخابات ہیں، اعجاز الحق

2 Aug 2022 23:31

پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجازالحق سے ملاقات میں پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ قومی معیشت روز بروز تباہی کیطرف جا رہی ہے، موجودہ حکمرانوں کا مقصد صرف این آر او حاصل کرنا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملکی مفاد اور معیشت کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا، فوری اور شفاف الیکشن ہی ملک کو بچانے کا واحد راستہ ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فوری اور شفاف الیکشن ہی ملک کو بچانے کا واحد راستہ ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجازالحق نے ملاقات کی ہے، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں کا باہمی سیاسی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں اعلیٰ فوجی افسران کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا، عمران خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کیساتھ میرے اچھے تعلقات تھے، وہ انتہائی قابل فوجی افسر، ایماندار اور نیک انسان تھے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی معاشی صورتحال پر بھی غور کیا گیا، عمران خان نے کہا کہ قومی معیشت روز بروز تباہی کی طرف جا رہی ہے، موجودہ حکمرانوں کا مقصد صرف این آر او حاصل کرنا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملکی مفاد اور معیشت کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا، فوری اور شفاف الیکشن ہی ملک کو بچانے کا واحد راستہ ہیں۔ اعجاز الحق نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے تمام سیاسی راستے بند ہوگئے ہیں، الیکشن کمیشن اور کبھی عدلیہ کے ذریعے راستہ تلاش کیا جا رہا ہے، موجودہ حکمرانوں کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہونگے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ ویسے ہی ہے، جیسے ماضی میں ایک پارٹی پر پابندی لگی تھی۔ ضیاء لیگ کے سربراہ نے کہا کہ دنیا بدل چکی ہے، نیپ پر پابندی کارآمد ثابت ہوئی نہ اب کسی اور پر ہوگی، موجودہ صورتحال ملک کو معاشی طور پر مزید تباہی کی طرف لے جا رہی ہے، ملک کو اس دلدل سے نکالنے کا واحد حل جلد از جلد انتخابات ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1007326

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1007326/ملک-کو-بچانے-کا-واحد-راستہ-فوری-اور-شفاف-الیکشن-ہیں-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org