QR CodeQR Code

آرمی افسروں کی شہادت پر پوری قوم افسردہ ہے، ڈاکٹر راغب نعیمی

3 Aug 2022 19:55

ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرتے قوم کے بیٹوں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک اور قوم کی خدمت کرنے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں 6 افسران کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں آرمی افسروں کی شہادت پر پوری قوم افسردہ ہے۔ سیلاب زدگان کی مدد کرتے ہوئے قوم کے بیٹوں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے، جس پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے اور انہوں نے اپنے فرض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کیلئے انتہائی جانفشانی، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک اور قوم کی خدمت کرنیوالے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ ہماری مسلح افواج نے ملک اور قوم کے دفاع اور عوام کی خدمات کیلئے ناقابل فراموش قربانیاں پیش کی ہیں۔ سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ریسکیو آپریشن میں کور کمانڈر کوئٹہ سمیت اعلی افسران کی شہادت فرض کی تکمیل کی اعلی ترین مثال ہے، پاک فوج ہر مشکل وقت میں وطن عزیز کیلئے ڈٹ کر کھڑی ہوئی ہے۔ پاکستان کے کروڑوں عوام کی دعائیں شہداء کے لواحقین اور اہلخانہ کیساتھ ہیں۔ اللہ کریم غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل اور یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ 


خبر کا کوڈ: 1007448

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1007448/آرمی-افسروں-کی-شہادت-پر-پوری-قوم-افسردہ-ہے-ڈاکٹر-راغب-نعیمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org