QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

3 Aug 2022 21:18

ڈاکٹر عرفان عزیز نے کہا کہ ہمارے لیے ماں اور بچے کی صحت بہت ضروری ہے، اس لیے ضلعی سطح پر جنوری کے آغاز سے ہی حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم جاری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے سعودی حکومت اور کنگ سلیمان کے تعاون سے نیشنل کلب میں ضلعی سطح پر ٹیکہ جات مہم سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی، مذہبی، سماجی اور ہیلتھ کیئر ورکرز نے کافی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کنگ سلیمان کے تعاون سے جاری مہم میں ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے حفاظتی ٹیکہ جات آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیم عالیہ نے آگاہی سیشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تقریب میں شریک مہمانوں کو بتایا کہ اس مہم کا مقصد ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات لگوا کر بچایا جاسکتا ہے تاکہ وہ موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں کیونکہ حفاظتی ٹیکہ جات کی آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے اکثر مائیں اور بچے زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ ہماری اس مہم کا مقصد ماں اور بچے کی زندگی کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

اس موقع پر EPI کوآرڈنیٹر ڈاکٹر عرفان عزیز نے کہا کہ ہمارے لیے ماں اور بچے کی صحت بہت ضروری ہے، اس لیے ضلعی سطح پر جنوری کے آغاز سے ہی حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی بوسٹر ڈوز لگوانے سے ماں اور بچے کی زندگی اور صحت کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے تقریب میں شرکاء کو بتایا کہ یہ ویکسین حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق ہے، جس میں کولڈ چین کا خاص خیال رکھا گیا اور یہ حفاظتی ٹیکہ جات ماہر طبی عملہ کی نگرانی میں لگائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے حفاظتی ٹیکہ جات مہم کنگ سلیمان، WHO اور یونیسف کے تعاون سے شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے ہیلتھ کئیر ورکرز پر زور دیا کہ وہ حفاظتی ٹیکہ جات مہم میں اپنے فرائض احسن انداز میں انجام دیں۔ تقریب میں عرفان الدین محسود ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 1007453

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1007453/ڈی-ا-ئی-خان-ماں-اور-بچے-کی-صحت-کے-حوالے-سے-تقریب-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org