QR CodeQR Code

ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک

4 Aug 2022 02:00

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سمیت اعلیٰ عسکری اور سیاسی حکام و وزراء شریک ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد حنیف اور بریگیڈیئر محمد خالد کی نماز جنازہ آرمی قبرستان میں ادا کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سمیت اعلیٰ عسکری اور سیاسی حکام و وزراء شریک ہوئے۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، غیر ملکی شخصیات اور ریٹائرڈ عسکری اور سول حکام کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں موجود تھی۔ آرمی چیف نے شہداء کے اہل خانہ کو قومی پرچم پیش کیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ فوجی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان سے لاپتہ ہوگیا تھا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ میں وندر کے قریب موسیٰ گوٹھ سے ملا۔ حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران شہید ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کا حادثہ خراب موسمی صورتحال کے باعث پیش آیا۔ شہداء میں بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔ بریگیڈیئر امجد حنیف کی بطور میجر جنرل ترقی کی منظوری ہوچکی تھی۔


خبر کا کوڈ: 1007495

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1007495/ہیلی-کاپٹر-حادثے-کے-شہداء-سرکاری-اعزاز-کیساتھ-سپرد-خاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org