QR CodeQR Code

قائد شہید کے کردار کو زندہ رکھا جانا چاہیے

5 اگست تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب علامہ عارف حسین الحسینی کو گولیوں کا نشانہ بنا گیا، علامہ ساجد نقوی

4 Aug 2022 18:00

اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا ہے کہ مسلم ممالک پر استعماری اور سامراجی طاقتوں کے مظالم، تسلط اور تجاوز کے خلاف علامہ عارف الحسینی کی جدوجہد پاکستان کی تاریخ کا ایک حصہ ہے، شہید نے پاکستان میں بیرونی قوتوں کی مداخلت اور سپر پاور کی خفیہ سازشوں سے پردہ چاک کیا۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ 5 اگست تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جس دن قائد ملت علامہ عارف حسین الحسینی کو گولیوں کا نشانہ بنا کر شہید کردیا گیا، اگرچہ علامہ حسینی کا حوالہ مذہبی تھا لیکن انہوں نے ایک سوچ اور فکر دی، انہوں نے مظلوموں اور محکوموں کے لئے آواز بلند کی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں، مثبت اہداف کی خاطر وجود میں آنے والا یہ کارواں رواں دواں ہے۔ انہوں قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی 34ویں برسی کی مناسبت سے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ قائد شہید علامہ عارف الحسینی کی شخصیت انتہا پسندی، شدت پسندی اور جنونیت جیسے سنگین مسائل کے خلاف توانا آواز تھی، اُن مسائل کے حل کے لئے علامہ حسینی نے اتحاد و وحدت اور صبر و حکمت کا راستہ اختیار کیا تھا کیونکہ حکمت و اتحاد امت قرآنی و نبوی فریضہ ہے جس پرہم مسلسل عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ علامہ عارف الحسینی نے جہاں پاکستان کے داخلی بحرانوں کے حوالے سے پاکستانی عوام کی رہنمائی کی، وہاں عالمی سطح پر موجود بحرانوں اور عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حوالے سے جاندار موقف پیش کیا اور اس موقف کی روشنی میں عملی کردار ادا کیا، انہوں نے آمریت کی شکل میں پاکستان پر کئے جانے والے تسلط کو چیلنج کیا اور ملک کو جمہوریت کے راستے پر ڈالنے کے لیے جمہوری قوتوں کا بھرپور ساتھ دیا۔ 

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ مسلم ممالک پر استعماری اور سامراجی طاقتوں کے مظالم، تسلط اور تجاوز کے خلاف علامہ عارف الحسینی کی جدوجہد پاکستان کی تاریخ کا ایک حصہ ہے، آپ نے قبلہ اول اور فلسطین پر اسرائیلی تسلط اور ناجائز قبضے، افغانستان پر روسی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا اور پاکستان کی دوسری دینی و سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے موقف کا حامی بنایا، جبکہ پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر ہونے والی سازشوں اور پاکستان میں بیرونی قوتوں کی مداخلت اور سپر پاور کی خفیہ سازشوں سے پردہ چاک کیا، ان کے کردار کو زندہ رکھا جانا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 1007599

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1007599/5-اگست-تاریخ-کا-سیاہ-ترین-دن-ہے-جب-علامہ-عارف-حسین-الحسینی-کو-گولیوں-نشانہ-بنا-گیا-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org