QR CodeQR Code

غمِ حسینؑ میں پوری امت شامل ہے، اسداللہ بھٹو

6 Aug 2022 22:54

اپنے ایک بیان میں ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر نے زور دیا ہے کہ علمائے کرام محرم الحرام میں اتحاد امت کو برقرار اور حکومت امن و امان کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے۔


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے زور دیا ہے کہ علمائے کرام محرم الحرام میں اتحاد امت کو برقرار اور حکومت امن و امان کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے، امام حسینؑ کی عظیم جدوجہد امت مسلمہ کیلئے ایک روشن مثال ہے، آج بھی کفر کا نظام ہر طرف بڑھتا جا رہا ہے، جس کے مقابلے کیلئے جذبہ حسینیت کی ضرورت ہے۔ اپنے بیان میں اسداللہ بھٹو نے کہا کہ امام حسینؑ کسی ایک فرقے کے نہیں بلکہ پوری امت کے امام ہیں، لہٰذا غمِ حسینؑ میں پوری امت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حق کیلئے جینا اور حق کی خاطر مرنا امام حسینؑ سے محبت کا بہترین طریقہ ہے، کربلا حق و باطل کی جنگ تھی، جس میں فتح حق کی ہوئی اور حق ہمیشہ کیلئے سربلند ہوگیا ہے اور باطل ہمیشہ کی طرح بے نام و بے توقیر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صبر، جدوجہد اور ایثار و قربانی درس کربلا ہے، جسے ایک مومن کو اپنے کردار کا لازمی جزو بنانا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 1007967

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1007967/غم-حسین-میں-پوری-امت-شامل-ہے-اسداللہ-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org