QR CodeQR Code

جہاد اسلامی کے ایک اور سینیئر کمانڈر کی شہادت، شہداء کی تعداد 32 ہوگئی

7 Aug 2022 19:14

خالد منصور سرایا القدس کی ملٹری کونسل کے رکن اور سرایا القدس کے جنوبی علاقے کے کمانڈر تھے، جو اس سے قبل کئی قاتلانہ حملوں میں بال بال بچ گئے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک جہاد اسلامی نے اپنے ایک اور سینیئر کمانڈر کی شہادت کی خبر دی ہے۔ دوسری جانب فلسطین کی وزارت صحت نے بتیس افراد کے شہید ہونے کا اعلان کیا ہے۔ آج اتوار کی صبح جہاد اسلامی کی عسکری شاخ "سرایا القدس" کے جنوبی علاقے کے کمانڈر "خالد منصور" (ابو راغب) سمیت آٹھ فلسطینی شہداء کی لاشیں گذشتہ شب "رفح" میں صیہونی حملے کے بعد ملبے کے نیچے سے نکال لی گئیں۔ فلسطین کی وزارت صحت نے شہادتوں کی تعداد میں اضافے کے بعد چھ بچوں سمیت 32 شہداء اور 215 افراد کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔ "جہاد اسلامی" اور ان کے عسکری ونگ "سرایا القدس" نے بیان جاری کرتے ہوئے "رفح" کے شہداء بالخصوص "خالد منصور" ان کے علاوہ دیگر دو فلسطینی مجاہدین "زیاد احمد المدلل" (جہاد اسلامی کے سیاسی رہنماوں میں سے ایک کے بیٹے) اور "رأفت صالح شیخ العید" کی شہادت کی تعزیت پیش کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید کمانڈر خالد المنصور کا خون بیت المقدس اور مسجد الاقصیٰ کے دفاع کی جنگ کو بھڑکائے گا۔


غزہ میں سول ڈیفنس گذشتہ روز صیہونی حکومت کے "رفح" پر حملے کے بعد مذکورہ مقام پر دیگر شہداء کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ یاد رہے کہ خالد منصور سرایا القدس کی ملٹری کونسل کے رکن اور سرایا القدس کے جنوبی علاقے کے کمانڈر تھے، جو اس سے قبل کئی قاتلانہ حملوں میں بال بال بچ گئے تھے۔ صیہونی حکومت نے اُن پر غزہ کی پٹی میں متعدد فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور نگرانی کا الزام لگایا ہے۔ اسرائیلی حکومت نے خالد المنصور کو انتہائی خطرناک مطلوب افراد میں سے ایک قرار دیا ہوا تھا اور صیہونی حلقوں میں ان کا نام سرایا القدس کے سینیئر کمانڈر "اکرم العجوری" (جو غزہ سے باہر رہتے ہیں) کے ساتھ لیا جاتا رہا ہے۔ خالد منصور نے سرایا القدس کے فوجی انفراسٹرکچر کی ترقی میں بالخصوص راکٹ سازی کی صنعت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔


 


خبر کا کوڈ: 1008070

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1008070/جہاد-اسلامی-کے-ایک-اور-سینیئر-کمانڈر-کی-شہادت-شہداء-تعداد-32-ہوگئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org