0
Monday 8 Aug 2022 15:35

اے پی ایس حملے کا ماسٹر مائنڈ عمر خالد خراسانی ساتھیوں سمیت افغانستان میں ہلاک

اے پی ایس حملے کا ماسٹر مائنڈ عمر خالد خراسانی ساتھیوں سمیت افغانستان میں ہلاک
اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر عمر خالد خراسانی ساتھیوں سمیت بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے، کالعدم ٹی ٹی پی نے تصدیق کر دی۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل کے علاقے سراکئی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار کالعدم تحریک طالبان کے اہم کمانڈر عبد الولی عرف عمر خالد خراسانی 3 ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے۔ ٹی ٹی پی ترجمان نے ہلاکت کی تصدیق کر دی، ہلاک ہونے والوں میں مفتی حسن اور حافظ دولت بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق عمر خالد خراسانی کا شمار ٹی ٹی پی اہم کمانڈروں میں کیا جاتا تھا، عمر خالد خراسانی اے پی ایس پشاور پر حملے کے ماسٹر مائنڈ بھی سمجھے جاتے تھے، ہلاک ہونے والوں میں مفتی حسن عمر خالد خراسانی کے داماد تھے۔

دیگر ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر ساتھیوں سمیت افغانستان میں ہلاک ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق عبدالولی عرف عمر خالد خراسانی افغان صوبے پکتیکا میں ہلاک ہوا، کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر عمر خالد خراسانی کے تین ساتھی بھی مارے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ساتھیوں میں مفتی حسن اور حافظ دولت بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ عمر خالد خراسانی کا شمار ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈرز میں کیا جاتا تھا اور تنظیمی دائروں میں انہیں قابل اعتماد ملٹری کمانڈر کے طور پر جانا جاتا تھا۔ عمر خالد خراسانی کا "القاعدہ" اور اس کے سربراہ ایمن الظواہری سے بھی قریبی تعلق تھا، جو چند روز قبل ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔ عمر خالد خراسانی نے گذشتہ دنوں کابل میں پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات میں حصہ بھی لیا تھا۔ ادھر امریکا نے عمر خالد خراسانی کے بارے میں اطلاع دینے، زندہ یا مردہ پکڑنے والوں کے لیے تین ملین ڈالر کے انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1008176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش