QR CodeQR Code

مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا انبیاء کرامؑ و آئمہ اطہارؑ کا شعار ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

9 Aug 2022 00:37

روز عاشورا کے پیغام میں ایم ڈبلیو ایم چیئرمین نے کہا کہ ہم نے مظلوم کا ساتھ دینا ہے، مستکبرین و غاصبین کے مقابلے میں ان لوگوں کیساتھ کھڑے ہونا ہی اخلاقی و شرعی تقاضا اور بشری ضرورت ہے، خود کو صرف حسینی کہنے سے حق ادا نہیں ہوگا بلکہ امام عالی مقامؑ کے کردار و عمل کی پیروی کرکے خود کو حسینی ثابت کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ باطل قوتوں کے خلاف نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؑ کا قیام جرات و استقامت کا وہ باب ہے، جسے تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔ روز عاشورا کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حق و باطل کے اس معرکے میں امام عالی مقامؑ نے گنے چنے افراد کے ساتھ میدان میں نکل کر عالم بشریت کو یہ درس دیا کہ افرادی قوت یا جنگی ساز و سامان کی کمی ظالم حکمرانوں کے خلاف خاموش رہنے کا جواز نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی دنیا میں حق و باطل کے دو گروہ موجود ہیں، مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا انبیاء کرامؑ و آئمہ اطہارؑ کا شعار ہے، ہم نے مظلوم کا ساتھ دینا ہے، مستکبرین و غاصبین کے مقابلے میں ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہی اخلاقی و شرعی تقاضا اور بشری ضرورت ہے، جو جیو اور جینے دو کی پالیسی پر گامزن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو مظلوم و بے گناہ لوگوں سے ان کی زندگیاں چھین رہے ہیں، ہم نے ان کا مقابلہ کرنا ہے اور ان کا ساتھ دینے والوں کے خلاف آواز بلند کرنی ہے، یہی لوگ وقت کے یزید ہیں، امام حسین علیہ السلام کے یہ الفاظ کہ مجھ جیسا اس (یزید) جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا، تمام حق پرستوں کے لئے قیامت تک کا درس ہے، خود کو صرف حسینی کہنے سے حق ادا نہیں ہوگا بلکہ امام عالی مقامؑ کے کردار و عمل کی پیروی کرکے خود کو حسینی ثابت کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت امت مسلمہ کے اتحاد و اخوت کا ہے، مسلمانوں میں تفرقے کی بات یہود و نصاریٰ کے اسلام دشمن عزائم کو تقویت دینے کے مترادف ہے، مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر تاریخی و علمی اختلافات پر الجھنے کی بجائے مشترکات پر متحد رہیں، تاکہ باطل قوتوں کو ناکام بنایا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 1008218

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1008218/مظلوم-کے-ساتھ-کھڑا-ہونا-انبیاء-کرام-آئمہ-اطہار-کا-شعار-ہے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org