QR CodeQR Code

امام حسینؑ نے اپنے جانثار ساتھیوں کے ہمراہ باطل کیخلاف اسلام کو زندہ کیا، سراج درانی

9 Aug 2022 01:13

یوم عاشورہ کے موقع پر پیغام میں قائم مقام گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی نے اسلام کی سربلندی اور سرفرازی کے حصول کے لئے جان کی بازی لگادینے کی وہ سنت قائم کی جو تاریخ کے ہر دور میں صراط مستقیم پر چلنے والے قافلوں کے لئے ایک روشن مثال ہے۔


اسلام ٹائمز۔ قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی نے کہا ہے کہ محرم الحرام ایک عہد ساز تاریخ کی سنہری روایات اور عملی مظاہرہ کا مہینہ ہے، اس ماہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ نے اپنے جانثار ساتھیوں کے ہمراہ باطل کے خلاف اسلام کو زندہ کیا۔ آغا سراج خان درانی نے مزید کہا کہ خانوادہ رسولؐ نے امام عالی مقام حضرت حسینؑ کی قیادت میں اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کی تبلیغ کی ایک عظیم مثال قائم کی۔ قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ امام حسینؑ خوف خدا، فیاضی و سخاوت، زہد و تقویٰ، شجاعت و بہادری جیسے اعلیٰ ترین اوصاف کے حامل تھے۔

آغا سراج درانی نے مزید کہا کہ امام حسینؑ نے شہادت کا راستہ اختیار کیا اور اسلام کی راہ میں اپنا سر کٹوا کر ایثار و قربانی کی ایک نئی داستان رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی نے اسلام کی سربلندی اور سرفرازی کے حصول کے لئے جان کی بازی لگادینے کی وہ سنت قائم کی جو تاریخ کے ہر دور میں صراط مستقیم پر چلنے والے قافلوں کے لئے ایک روشن مثال ہے۔ آغا سراج خان درانی نے مزید کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کی قربانی ہمیں ان کے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر اپنی جان کی بازی لگادینے کا درس دیتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1008230

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1008230/امام-حسین-نے-اپنے-جانثار-ساتھیوں-کے-ہمراہ-باطل-کیخلاف-اسلام-کو-زندہ-کیا-سراج-درانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org