QR CodeQR Code

کراچی میں روز عاشور کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستے پر رواں دواں

9 Aug 2022 13:00

یوم عاشور کی مرکزی مجلس صبح نشترپارک میں منعقد ہوئی، مجلس عزا سے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس عزا کے اختتام پر بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے خانوادے و ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج کراچی سمیت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کراچی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوسوں کے برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزیر شرجیل میمن اور سعید غنی نے پولیس ہیڈ آفس کراچی میں سندھ پولیس کے قائم کردہ مانیٹرنگ سیل کا جائزہ کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے یوم عاشورہ سے ایک روز قبل جلوس کے مختلف راستوں کا دورہ کیا۔ کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس آج بروز منگل نشترپارک سے برآمد ہوا، جلوس سے قبل یوم عاشور کی مرکزی مجلس صبح نشترپارک میں منعقد ہوئی، مجلس عزا سے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس عزا کے اختتام پر بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس عزا کے شرکاء تبت سینٹر پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مولانا حافظ سید حیدر عباس نقوی کی اقتدا میں باجماعت نماز ظہرین ادا کرینگے۔ مرکزی جلوس عزا میں علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح کی زیارات ہیں، معروف ماتمی انجمنیں نوحہ خوانی و سینہ زنی کر رہی ہیں۔ مرکزی جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی ہیں، جبکہ نیاز و تبرک بھی تقسیم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ مرکزی جلوس عزا کی سیکیورٹی کیلئے پولیس، رینجرز دیگر سیکیورٹی اداروں سمیت اسکاؤٹس موجود ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1008294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1008294/کراچی-میں-روز-عاشور-کا-مرکزی-جلوس-اپنے-روایتی-راستے-پر-رواں-دواں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org