0
Tuesday 9 Aug 2022 19:13

کوئٹہ، جنرل آصف غفور، ضیاء لانگو کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ

کوئٹہ، جنرل آصف غفور، ضیاء لانگو کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ کمانڈر 12 کور (کور کمانڈر کوئٹہ) لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور بلوچستان کے مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے سنٹرل پولیس آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔ جس میں دسویں محرم الحرام کے لئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پولیس کے اعلیٰ حکام نے انہیں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات اور تیاریوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پولیس کے اعلیٰ حکام نے انہیں بتایا کہ صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے لئے پولیس کے 20 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر پاک فوج اور ایف سی کی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔ صوبے کے حساس اضلاع میں سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے محرم الحرام کے جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

جلوسوں کے روایتی راستوں اور مجالس کے مقامات کے آس پاس علاقوں میں واقع ہوٹلز وغیرہ پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔ صوبائی سطح پر مرکزی کنٹرول روم کے علاوہ ڈویژنل اور اضلاع کی سطح پر بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔ پولیس حکام نے کہا کہ دس محرم پر کوٹئہ میں 15 جلوس اور آٹھ مجالس منعقد ہونگے۔ جن کی سکیورٹی کے لئے پولیس کے 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایمرجنسی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ کمانڈر 12 کور اور صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے محرم الحرام کے لئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں۔ تمام سکیورٹی اداروں کے درمیان اشتراک کار کا ایک مربوط نظام قائم کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1008333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش