0
Tuesday 9 Aug 2022 19:34

بلوچستان میں مزید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

بلوچستان میں مزید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری
اسلام ٹائمز۔ صوبے میں ایک بار پھر شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 10 اگست سے 13 اگست تک مون سون اسپیل میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونگی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیلئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث دوبارہ سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ اعلامیے کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ 10 اگست سے 13 اگست تک جاری رہے گا۔ گرج چمک کے ساتھ 16 اضلاع میں شدید بارشیں ہونگی۔ پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو اہم مقامات پر بھاری مشینری کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے لورالائی، بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، شیرانی اور سبی کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایک اور اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں میرانی ڈیم ترب گنجائش سے 2 فٹ زیادہ بھر چکا ہے جبکہ دیگر تمام ڈیمز بھی اپنی بلند ترین سطح کے انتہائی قریب ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حب ڈیم کی گنجائش 350 فٹ جبکہ پانی 339 فٹ ہے۔ میرانی ڈیم کی گنجائش 244 فٹ اور پانی 246 فٹ، شادی کور ڈیم گنجائش 54 فٹ پانی 51.34 فٹ، سبکزئی ڈیم گنجائش 94 فٹ پانی 41.06 فٹ، سوار ڈیم گنجائش 35 فٹ پانی 25.04 فٹ، اکاڑہ ڈیم گنجائش 80 فٹ پانی 37.02 فٹ ہے۔ اس سے قبل جون سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث اب تک بلوچستان میں 170 سے زائد افراد جانبحق ہوچکے ہیں۔ ہزاروں مکانات، فصلیں، پل اور سڑکیں بھی تباہ ہوچکی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1008334
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش