0
Wednesday 10 Aug 2022 07:59

جنوبی شام میں داعش کا سرکردہ رہنماء ہلاک

جنوبی شام میں داعش کا سرکردہ رہنماء ہلاک
اسلام ٹائمز۔ جمہوری عربی شام کے مقامی ذرائع نے خبر دی ہے کہ "درعا" کے مغرب میں داعش کا ایک اہم اور سینیئر رہنماء مارا گیا ہے۔ شامی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ "شام" کے جنوبی صوبے "درعا" میں دہشت گرد تنظیم داعش کے ایک اہم لیڈر کی ہلاکت کی خبر ہے۔ تفصیلات کے مطابق، درعا میں "ابو سالم العراقی" کے لقب سے مشہور داعش کا اہم لیڈر "محمد عبدالله البائع" ہلاک ہوگیا ہے۔ مذکورہ دہشت گرد نے خود کو خودکش جیکٹ کے ذریعے اس وقت اُڑا لیا، جب شامی فورسز نے مغربی درعا میں "عدوان" کے علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران اس کے گھر کا محاصرہ کر لیا تھا۔ شامی فوج نے اس واقعے کے بعد "عدوان" میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ درعا شہر کے مغرب میں واقع "تسیل" کے علاقے میں دس سے زیادہ فوجی گاڑیاں داخل ہوگئی ہیں، اس کے علاوہ مذکورہ علاقے میں ایک عارضی فوجی چوکی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

العراقی بنیادی طور پر عراق کے شہر موصل میں پیدا ہوا اور وہیں کا رہائشی تھا، اسے جنوبی شام میں داعش کے سینیئر لیڈروں میں شمار کیا جاتا تھا۔ وہ ایک عرصے سے شامی فوج کو مطلوب رہا ہے۔ شام میں "الرقۃ" اور عراق میں "موصل" کی آزادی اور تکفیری گروہ داعش کی مبینہ خلافت کے خاتمے کے بعد بھی اس دہشت گرد گروہ کے افراد مختلف علاقوں میں چھوٹے چھوٹے گروپوں کی صورت اکثر اوقات فوجی اور کبھی عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں اور جانی و مالی نقصان پہنچاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1008408
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش