0
Wednesday 10 Aug 2022 11:09

لاہور، یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر

لاہور، یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہونیوالا یوم عاشورہ کا تاریخی مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گیا۔ مرکزی جلوس قدیمی اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچا۔ جلوس کی برآمدگی کے بعد کشمیری مسجد محلہ شیعاں میں اذان علی اکبرؑ دی گئی۔ شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس 9 اور 10 محرم الحرام کی درمیانی رات نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا۔ بیلا برادران سمیت دیگر نے سوز و سلام پیش کیا۔ اس موقع پر علامہ امجد علی عابدی نے مصائب اہلبیتؑ بیان کئے، ماتم حسینؑ کی صدا بلند ہوتے ہی شبیہہ ذوالجناح برآمد کی گئی۔ مرکزی جلوس حسب روایت جب فجر کے وقت مسجد کشمیریاں محلہ شیعاں پہنچا تو وہاں شہزادہ علی اکبرؑ کی اذان کی یاد میں ’’اذان علی اکبر‘‘ دی گئی۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی سید مرتضٰی موسوی نے اذان علی اکبرؑ دی۔ عزادار جلوس میں کربلا کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرکے شب بھر ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ رنگ محل میں جلوس کے شرکاء نے نماز ظہرین ادا کی۔

عاشورہ کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے نکل کر بعد از نمازِ مغرب اپنی منزل کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ اس موقع پر آغا شاہ حسین قزلباش نے ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ جس کے بعد مجلس شام غریباں برپا کی گئی۔ کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، سی سی پی او غلام محمود ڈوگر اور ڈی سی عمر شیر چٹھہ نے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا، ڈی آئی جی آپریشنز افضل کوثر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی لاہور نے ضلعی انتظامیہ کے تمام محکموں واسا، لیسکو، ایم سی ایل، ریسکیو، پولیس اور دیگر اداروں کے سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کی اجتماعی کوششوں سے یوم عاشور امن و امان سے گزر گیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان، ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ اور سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ یوم عاشورہ پر تمام محکموں کی جانب سے مثالی تعاون پر شکر گزار ہیں۔

اسی طرح یوم عاشور کی مناسب تے لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی جلوس برآمد ہوئے۔ جوہر ٹاون میں ادارہ منہاج الحسینؑ سے یوم عاشور کا جلوس برآمد ہوا۔ جعفریہ کالونی، ٹھوکر نیاز بیگ، ماڈل ٹاون، گلبرگ، ایبٹ روڈ، کینٹ سمیت دیگر علاقون سے بھی سیکڑوں جلوس برآمد ہوئے۔ جن میں عزداروں نے شہدائے کربلا کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوسوں کے روٹ پر بلند عمارتوں پر سنائپر تعینات تھے جبکہ عزاداروں کو بھی جامہ تلاشی کے بعد جلوس میں جانے کی اجازت دی جاتی رہی۔ جلوسوں کے روٹ پر عزداروں کیلئے، چائے، شربت، پانی اور دودھ کی سبیلیں بھی لگائی  گئی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 1008426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش