0
Wednesday 10 Aug 2022 19:22

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں چار روزہ تعطیلات کے بعد بدھ کو بھی ڈالر کی قدر میں تنزلی برقرار رہنے سے ڈالر کے انٹر بینک ریٹ 224، 223 اور 222 روپے سے بھی نیچے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری دورانیے میں اتار چڑھاؤ کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 2 روپے 12 پیسے کی کمی سے 221 روپے 91 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اس طرح سے 28 جولائی کے 239 روپے 94 پیسے کے مقابلے میں اب تک انٹر بینک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 18 روپے 3 پیسے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی طلب نہ ہونے کے سبب ڈالر کی قدر 4 روپے کی کمی سے 218 روپے کی سطح پر بند ہوئی، اس طرح سے اوپن مارکیٹ میں 28 جولائی کے 244 روپے کے مقابلے میں اب تک مجموعی طور پر 26 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ابتدائی تخمینے سے کم ہونے اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر 32 ارب ڈالر کی سطح پر برقرار رہنے کی پیشگوئیوں اور معاشی استحکام کے ساتھ زرمبادلہ پر دباؤ دو ماہ میں ختم ہونے کی توقعات پر ڈالر کمزور اور روپیہ تگڑا ہوتا جا رہا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور دیگر کموڈٹیز کی گھٹتی ہوئی قیمتوں سے درآمدی بل مزید کم ہونے کی توقعات سے بھی مارکیٹ میں ڈالر کے طلبگار کم ہوگئے ہیں اور ڈالر کی خریداری کرنے والے محدود ہوگئے ہیں، جبکہ فروخت کنندگان سامنے آگئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1008490
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش