QR CodeQR Code

قومی اسمبلی کے حقوق پر کوئی ڈاکہ ڈالے تو اس کو روکنا ہمارا حق ہے، نور عالم

10 Aug 2022 21:10

قومی اسمبلی میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا کہنا تھا کہ رولز کے تحت کمیٹی عوامی مسائل کے معاملات کا جائزہ لے سکتی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی اس معاملے پر رولنگ دیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان کا کہنا ہےکہ پارلیمانی کمیٹیوں کی کارروائی پارلیمنٹ کا حصہ ہے، انہیں چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے نور عالم خان کا کہنا تھا کہ کچھ فورمز پر پارلیمانی کمیٹیوں کی کارروائی چیلنج کی گئی، پارلیمنٹ کی کمیٹیوں کی کارروائی کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا، کمیٹیوں کی کارروائی کو آئینی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔ نور عالم خان کا کہنا تھا کہ ہم ہر ادارے کی عزت کرتے ہیں اور عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں، قومی اسمبلی کے حقوق پر کوئی ڈاکہ ڈالے تو اس کو روکنا ہمارا حق ہے، قانون بنانا اور تبدیل کرنا قومی اسمبلی کا استحقاق ہے۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا کہنا تھا کہ رولز کے تحت کمیٹی عوامی مسائل کے معاملات کا جائزہ لے سکتی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی اس معاملے پر رولنگ دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے ضروری ہے لیکن کسی کی تذلیل کی اجازت نہیں دی جاسکتی، امریکا میں افواج یا اداروں کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں، آئین میں ہر ادارے کی حدود و قیود متعین کی گئی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1008510

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1008510/قومی-اسمبلی-کے-حقوق-پر-کوئی-ڈاکہ-ڈالے-اس-کو-روکنا-ہمارا-حق-ہے-نور-عالم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org