QR CodeQR Code

سکیورٹی کے نام پر عزاداری کو محدود کرنے کی کوشش درست نہیں، علامہ عارف واحدی

10 Aug 2022 22:33

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ عارف واحدی نے کہا کہ اسرائیل کیجانب سے مظلوم فلسطینیوں پر حملوں اور بھارت کیجانب مظلوم کشمیریوں پر ظلم و ستم اور سرینگر میں ایام محرم میں جلوس پر تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مرکزی جلوس علم و ذولجناح و تعزیہ راولپنڈی میں علامہ عارف حسین واحدی نے کمیٹی چوک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عزاداری امن، محبت و اتحاد کا درس دیتی ہے، عزاداری کیخلاف کسی قسم کی رکاوٹ یا محدودیت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق عزاداری سید الشہداء شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے، پاکستان کے آئین کے مطابق تمام مکاتب فکر کو اپنے اپنے عقائد کے مطابق شہری آزادیوں سے استفادہ کرتے ہوئے عبادات اور رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مکاتب فکر نواسہ رسول کا غم منا رہے ہیں، اس لئے کہ نواسہ رسول اُمت میں نکتہ وحدت ہیں، امام حسین ؑ محور محبت ہیں، امام حسین معیار ہیں، اس امن بھائی چارہ، سلامتی اور اتحاد اُمت کا اس کے درمیان محور اور معیار ہیں، نواسہ رسول ہیں۔

امام حسین نے اپنی اور بچوں و اصحاب کی قربانی دیکر اسلام کو بچایا، لیکن حسب روایت محرم سے پہلے علمائے کرام، خطباء حضرات، ذاکرین عظام پر پابندی لگانا، عزاداری کو محدود کرنے کی کوشش ہے اور سکیورٹی کے نام پر عزاداروں و منتظمین کو بے جا تنگ کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ملک میں اتحاد و وحدت کی بات کی اور علامہ سید ساجد علی نقوی کا ملک میں امن کو قائم رکھنے میں ایک کردار ہے، جسے تمام مسالک کے جید علمائے کرام تسلیم کرتے ہیں، کسی بھی مکتب کی توہین کی اجازت نہیں دینگے۔

علامہ عارف واحدی نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں پر حملوں اور بھارت کی جانب مظلوم کشمیریوں پر ظلم و ستم اور سرینگر میں ایام محرم میں جلوس پر تشدد کی پر زور مذمت کرتے ہیں، لہذا اقوام متحدہ کو اسرائیل اور بھارت پر دباﺅ بڑھانا چاہیئے اور عالم اسلام کو بھی مظلوم مسلمانوں پر تشدد رکوانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے چاہیئے۔ آخر میں علامہ عارف واحدی نے بانیان مجالس و جلوس، ماتمی سنگتوں، عزاداروں اور سنی بھائیوں کی جانب سے راستوں میں سبیلیں لگانے اور پرامن ماحول برقرار رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، انتظامیہ و قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت میڈیا کوریج کرنے والے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے تمام ورکرز کے مثبت کردار پر انہیں خراج تحسن پیش کیا۔


خبر کا کوڈ: 1008533

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1008533/سکیورٹی-کے-نام-پر-عزاداری-کو-محدود-کرنے-کی-کوشش-درست-نہیں-علامہ-عارف-واحدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org