QR CodeQR Code

کے پی کے حکومت کی جانب سے امریکی سازش کا معاملہ اٹھانے کا دعویٰ

11 Aug 2022 09:55

مستند ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے امریکی سفیر کے دورے اور وزیراعلیٰ سے ملاقات میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کے پی حکومت سے سفیر کے دورے کے انتظامات کیلئے رابطہ کیا تھا۔ تاہم امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے وزیر اعلیٰ اور سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات بتانے سے معذرت کرلی۔


اسلام ٹائمز۔ شدید تنقید کے بعد صوبائی حکومت نے امریکی سفیر کے حالیہ دورہ خیبر پختونخوا کے دوران امریکی سازش کا معاملہ اٹھانے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی سفیر سے ون آن ون ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ محمود خان نے عمران خان کی سابقہ حکومت کیخلاف امریکی سازش پر باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا۔ روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق مستند ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے امریکی سفیر کے دورے اور وزیراعلیٰ سے ملاقات میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کے پی حکومت سے سفیر کے دورے کے انتظامات کیلئے رابطہ کیا تھا۔ تاہم امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے وزیر اعلیٰ اور سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات بتانے سے معذرت کرلی۔

ترجمان نے کہا کہ سفارت خانہ بدقسمتی سے نجی سفارتی ملاقاتوں پر تبصرہ کرنے سے قاصر ہے۔ یہاں تک کہ آف دی ریکارڈ بھی میرے پاس کچھ نہیں ہے جو میں آپ کو بتاسکوں۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ محمود خان کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم برگ سے 10 منٹ تک ون آن ون ملاقات ہوئی تاہم انہوں نے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کو ملاقات میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان نے عمران خان حکومت کیخلاف امریکی مداخلت کے معاملے سمیت تین نکات اٹھائے جس پر باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
 
محمود خان نے امریکی سفیر کو بتایا کہ تحریک انصاف امریکی حکومت کیساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھنا چاہتی ہے لیکن پاکستان کے معاملات میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔ امریکی سفارت خانے نے تحریک انصاف کے منحرف اراکین سے ملاقاتیں کیں جو انتہائی غیرمناسب عمل تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں عوامی فلاح کے منصوبوں میں امریکی تعاون پر امریکی حکومت کے مشکور ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 10 منٹ کی علیحدگی میں ملاقات ہوئی جس میں امریکی مداخلت اور دیگر معاملات کو سفارتی طور پر اٹھایا گیا تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ انہوں نے امریکی سفیر کے ردعمل پر تبصرہ کرنے سے بھی انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر نے صوبے کا دورہ کرنے اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔ پارٹی چیئرمین کی اجازت سے دورے کو حتمی شکل دی گئی۔ ہم جانتے تھے کہ امریکی سفیر کے دورے سے تنازعہ جنم لے گا لیکن تفصیلی غور و خوض کے بعد، یہ فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ ملاقاتوں کا بندوبست کیا جائے۔
 
امریکہ سفیر کو امریکہ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں عمران خان کے موقف سے وزیراعلیٰ نے واضح طور پر آگاہ کیا ۔عمران خان نے گزشتہ چند ماہ کے دوران جلسوں اور انتخابی مہم کے دوران متعدد باریہ واضح کیا ہے کہ ہم کسی ملک کے خلاف نہیں ہیں بلکہ ہمیں آزادانہ طور پر اپنے فیصلے خود کرنے چاہئیں۔ دوسرا اجلاس یو ایس ایڈ کی جانب سے صوبے میں صحت کے حوالے سے منصوبوں سے متعلق تھا جس کی ہم قدر کرتے ہیں۔ صحت سے متعلق اجلاسوں کا پورا موضوع یہ تھا کہ اب ہم ایک ایسے مرحلے پر ہیں جہاں ہم امدادی اداروں کی حمایت کو اہمیت دیتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1008588

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1008588/کے-پی-حکومت-کی-جانب-سے-امریکی-سازش-کا-معاملہ-اٹھانے-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org