0
Friday 23 Sep 2011 08:32

حقانی نیٹ ورک سے رابطوں کے الزامات بے بنیاد ہیں، صدر، وزیراعظم

حقانی نیٹ ورک سے رابطوں کے الزامات بے بنیاد ہیں، صدر، وزیراعظم
کراچی:اسلام ٹائمز۔ صدر آصف زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کابل میں حالیہ حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے اور حقانی نیٹ ورک سے رابطوں کے امریکی الزامات کو مسترد کر دیا۔ کراچی میں صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاؤس میں صدر آصف زرداری اور وزیراعظم گیلانی کے درمیان ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان خطے میں عزت اور امن کے ساتھ رہنا چاہتا ہے۔ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے اور اس نے ہمیشہ اس کی مذمت کی ہے۔ صدر اور وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکی حکام کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ملک میں ڈینگی وائرس کے خاتمے اور وبائی امراض کے کنٹرول کیلئے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیا جبکہ وبائی امراض سے نمٹنے کی تیاریوں کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے سالانہ بجٹ میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ وسائل موجود ہیں تمام حکومتیں اس سے فائدہ اٹھائیں۔
 دیگر ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے امریکی جوائنٹ چیف آف اسٹاف کے چیئرمین ایڈمرل مائیک مولن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور دہشتگردی کیخلاف سب سے زیادہ پاکستان نے قربانیاں دی ہیں۔ جبکہ ملاقات میں وزیراعظم گیلانی نے صدر مملکت کو دورہٴ افغانستان کی تفصیلات سے آگاہ کیا، ملاقات میں سیاسی صورتحال، کراچی میں امن وامان کی صورتحال، سندھ میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر اور وزیراعظم نے بارش سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لانے پر اتفاق کیا اور متاثرین کو ہرممکن سہولتیں فراہم کی جائینگی۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں قیام امن کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائینگے۔ 
ملاقات میں صدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے اور متعلقہ حکام کو ہدایات کردی گئی ہے کہ متاثرین کو رہائش کیلئے خیمے فوراً فراہم کئے جائیں اور اگر ضرورت پڑے گی تو بیرون ملک سے خیمے برآمد کریں گے۔ صدر نے کہا کہ نادرا کو ہدایات کی کہ آج بروز جمعہ سے ٹھٹھہ اور بدین میں پاکستان کارڈز کی تقسیم شروع کر دی جائے۔ صدر نے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرین کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ قبل ازیں وزیراعظم جمعرات کو جب کابل سے کراچی پہنچے تو گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلٰی سندھ سید قاسم علی شاہ سمیت دیگر اعلٰی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم سے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ، وزیراعلٰی اور صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کو کراچی میں امن وامان کی صورتحال اور سندھ میں بارش سے متاثرہ افراد کی امداد بحالی کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 100868
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش