QR CodeQR Code

دہلی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، ماسک نہ پہننے پر جرمانہ

11 Aug 2022 20:58

بھارت میں پہلی بار کورونا کے پھیلنے کے بعد دہلی میں عوامی مقامات پر ماسک کو لازمی قرار دیا گیا تھا اور حال ہی میں لوگوں کے چہروں سے ماسک ہٹا دیا گیا تھا لیکن یہ ایک بار پھر لوٹ آیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دہلی میں ایک بار پھر ماسک نہ پہننے پر جرمانے کا راج واپس آگیا ہے۔ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر دہلی کی اروند کیجریوال حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے پر 500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ دہلی میں کل جاری کردہ کورونا کے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2495 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ سات مریضوں کی موت کی اطلاع ہے اور فعال مریضوں کی تعداد بڑھ کر 8506 ہوگئی ہے۔ دہلی میں کورونا کی یومیہ مثبت شرح 15.41 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ساتھ ہی حکومت کے ہیلتھ بلیٹن میں 24 گھنٹوں میں 1466 مریضوں کے ٹھیک ہونے کا معاملہ بھی بتایا گیا۔ دہلی میں اگست میں ہی کورونا سے 40 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

کورونا کے بڑھتے اثر نے ایک بار پھر دہلی حکومت کو پریشان کر دیا ہے۔ بھارت میں پہلی بار کورونا کے پھیلنے کے بعد دہلی میں عوامی مقامات پر ماسک کو لازمی قرار دیا گیا تھا اور حال ہی میں لوگوں کے چہروں سے ماسک ہٹا دیا گیا تھا لیکن یہ ایک بار پھر لوٹ آیا ہے۔ دہلی حکومت مسلسل لوگوں سے کورونا سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کر رہی ہے۔ اس بار اروند کیجریوال حکومت کے لیے پریشانی دوہری ہے کیونکہ کورونا کے علاوہ منکی پوکس وائرس نے بھی دارالحکومت میں دستک دی ہے۔ دہلی میں کورونا وائرس کے ان اعداد و شمار پر وزیراعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 1008683

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1008683/دہلی-میں-کورونا-وائرس-کے-کیسز-اضافہ-ماسک-نہ-پہننے-پر-جرمانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org