QR CodeQR Code

بھارت کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش اور سیلاب

12 Aug 2022 21:23

کئی دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلابی پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش اور سیلاب کا سلسلہ جاری ہے۔ موسلا دھار بارش اور سیلاب کئی علاقوں میں لوگوں کے لئے تباہی بن گئے ہیں۔ دہلی میں دریائے یمنا میں تیزی ہے جس کے بعد انتظامیہ چوکس ہے۔ ہریانہ کے کئی اضلاع میں سیلاب کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ اگر پانی کی سطح اسی طرح بڑھتی رہی تو کرنال، یمنا نگر، پانی پت اور سونی پت میں بھی نقصان ہوسکتا ہے۔ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر بیراج سے نکلنے والی نہروں کو پانی کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔ جمنا ندی کے پانی کی سطح میں اضافہ کے سبب دہلی میں انتظامیہ چوکس ہے۔ دوسری جانب مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد لوگوں کی مشکلات میں کافی اضافہ ہوگیا ہے۔

کئی دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلابی پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے۔ بھارت کے کئی حصوں میں شدید بارشوں اور سیلاب نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے کچھ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کے بعد ندی میں پانی پھوٹ پڑا۔ رتلام سے راج گڑھ تک گزشتہ 24 گھنٹوں سے کہرام برپا ہے۔ راج گڑھ میں دکانوں سے لے کر چوکوں اور گلیوں تک پانی بھر گیا ہے۔ لوگ 48 گھنٹوں سے راج گڑھ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ محلے میں کوئی گھر ایسا نہیں ہے، جہاں پانی کا قبضہ نہ ہو۔ دو دنوں سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے اجنار ندی میں طغیانی ہے۔ یہی نہیں طوفانی بارش کے بعد رتلام، بیتول اور مندسور میں بھی سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں مندسور شمشان گھاٹ کے قریب ایک چھوٹے سے پل سے بھی پانی بہتا ہوا دیکھا گیا۔


خبر کا کوڈ: 1008845

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1008845/بھارت-کے-کئی-حصوں-میں-موسلادھار-بارش-اور-سیلاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org