0
Friday 12 Aug 2022 23:41

پاکستان اور ترکی کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، شہباز شریف

پاکستان اور ترکی کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، مصنوعات کی تجارت کے معاہدے سے دونوں ممالک کے لئے نئی راہیں کھلیں گے، دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لئے معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاہدے پر وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور ترکی کے وزیر تجارت مہمت مش نے دستخط کئے۔ تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمن، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تاریخی برادرانہ تعلقات میں یہ معاہدہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ خوش آئند ہے، اس پر کئی سالوں بات چیت ہو رہی ہے، مئی میں ہمارے ترکی کے دورے کے بعد پاکستان اور ترکی کی طرف سے معاہدے کے لئے کوششوں کو تیز کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی مثالی قیادت میں ترکی کے وزیر تجارت مہمت مش اور پاکستان کے وزیر تجارت سید نوید قمر، دونوں ممالک کے سفراء اور دیگر حکام نے بہت محنت کی ہے، جس کے بعد یہ معاہدے طے پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کے فروغ کی وسیع گنجائش اور صلاحیت موجود ہے اور تجارت کے فروغ کے لئے ہم بھرپور عزم رکھتے ہیں، اس معاہدے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے نئی راہیں کھلیں گی اور تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی، ہمیں اس معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1008873
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش