0
Friday 12 Aug 2022 23:48

بی جے پی تاریخ کی یکطرفہ تشریح کے ذریعے اپنی عوام کے جذبات سے کھیل رہی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

بی جے پی تاریخ کی یکطرفہ تشریح کے ذریعے اپنی عوام کے جذبات سے کھیل رہی ہے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بھارت میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اپنے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کے ایک حصہ کے طور پر تاریخ کی یکطرفہ اور مسخ شدہ تشریح کے ذریعے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے، بھارتی حکومت آزادی سے متعلق واقعات کو سیاسی رنگ دینے سے باز رہے اور اس کے بجائے ان تمام لوگوں کی یادوں کو مخلصانہ طور پر خراج تحسین پیش کرے جنہوں نے سب کے بہتر مستقبل کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جیسے جیسے بھارت اور پاکستان کے عوام یوم آزادی کی تقریبات کے قریب پہنچ رہے ہیں، بی جے پی حکومت نے 14 اگست کو ”تقسیم کی ہولناک یادگاری دن“ کے طور پر منانے کے اپنے شر انگیز اقدام سے اپنا اصل چہرہ دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس اقدام کی سختی سے مذمت کرتے ہیں جو نفرت، غلط معلومات اور فرقہ پرستی کی قابل مذمت پالیسی کی عکاسی کرتا ہے جو آج کے بی جے پی زیرقیادت بھارت کی پہچان بن چکی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بی جے پی اپنے سیاسی ایجنڈے کے لئے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان فخر کے ساتھ اپنی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی شاندار طریقے سے منائے گا، پاکستان بھر اور بیرون ملک یوم آزادی پاکستان کے اس اہم موقع کو مختلف سرگرمیوں کے ساتھ منانے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں تیاریاں جاری ہیں، آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر خاص طور پر ہمارے قومی ترانے کی نئی ریکارڈنگ کی ریلیز بھی شامل ہے، وزارت خارجہ بھی 14 اگست کو وزارت کے افسروں کی طرف سے خصوصی طور پر ریلیز ہونے والے گانے ’پاکستان ایٹ 75‘ کے ذریعے خراج تحسین پیش کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 1008876
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش