QR CodeQR Code

سابق عراقی وزیراعظم نے پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا

13 Aug 2022 09:36

"کورآڈینیشن فارمولا کمیٹی" کے نام سے معروف عراقی شیعہ گروپوں کی رابطہ کمیٹی کے حامیوں نے بھی جمعے کے دن گرین زون کے قریب بڑے مظاہروں کا انعقاد کیا۔


اسلام ٹائمز۔ عراق کے سابق وزیراعظم نے صدر کے انتخاب اور کابینہ کی تشکیل کے لئے ملک میں کہیں بھی پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سابق عراقی وزیراعظم "ایاد علاوی" نے گذشتہ روز جمعے کے دن صدر اور کابینہ کے انتخاب کے لئے عراق میں کسی جگہ پر بھی پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور کابینہ کا انتخاب ملک میں جلدی اور شفاف انتخابات کی راہ ہموار کرے گا، ایسا نہ کرنے کی صورت میں ملک میں مزید سیاسی بحران اور سنگین صورتحال پیدا ہوگی۔ "محمد شیاع السودانی" کو وزارت عظمیٰ کے لئے نامزد کرنے کے بعد عراق میں دس ماہ سے جاری سیاسی بحران کے خاتمے کی امیدیں زندہ ہوئیں، جبکہ پارلیمنٹ بھی صدر اور اسپیکر کے انتخاب کے لئے تیار تھی، ایسی صورتحال میں "الصدر" تحریک کے حامیوں نے سیاسی عمل کی مخالفت کرکے عراق کی سیاسی صورتحال کو کافی گھمبیر بنا دیا ہے۔ "الصدر" کے حامی گذشتہ ہفتے میں کئی مرتبہ بغداد کے گرین ایریا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے علاوہ پارلیمنٹ کے صحن میں بھی حملہ آور ہوئے اور گرین ایریا میں ابھی تک ان کا دھرنا جاری ہے۔

"کورآڈینیشن فارمولا کمیٹی" کے نام سے معروف عراقی شیعہ گروپوں کی رابطہ کمیٹی کے حامیوں نے بھی جمعے کے دن گرین زون کے قریب بڑے مظاہروں کا انعقاد کیا۔ عراق کی شیعہ کوآرڈینیشن کمیٹی نے جمعہ کے دن گرین ایریا کے نزدیک مظاہروں میں اپنے بیان میں ملکی وقار کی بحالی، شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے آئین کے مطابق مکمل اختیارات کے ساتھ حکومت کی تشکیل کے عمل کو تیز کرنے اور اپنے جائز مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت کے لئے دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ شیعہ رابطہ کمیٹی نے سیاسی گروپوں کو صدارتی امیدوار کے تعین کے عمل کو تیز کرنے اور وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد اکثریتی دھڑے کے امیدوار کی صورت مشخص کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 1008919

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1008919/سابق-عراقی-وزیراعظم-نے-پارلیمنٹ-کا-اجلاس-بلانے-مطالبہ-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org