QR CodeQR Code

اسٹیٹ بینک کی معاشی جائزہ رپورٹ جاری، اشیا سازی میں اضافہ، برآمدات میں تیزی کا رجحان

13 Aug 2022 13:19

جولائی تا دسمبر مالی سال 22ء کے اعداد و شمار کے مطابق تیار کردہ تجزیے کے مطابق رپورٹ میں بیان کیا گیا ہے کہ کووڈ 19 کے حوالے سے بہتر حالات کے ساتھ حکومت کی ویکسینیشن کی بھرپور مہم نے بڑی حد تک بلاتعطل معاشی سرگرمیوں کیلئے راہ ہموار کر دی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے مرکزی بینک نے مالی سال 2022ء کی معاشی جائزہ رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ میں اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ مالی سال 2022ء کی پہلی ششماہی کے تناظر میں بڑے پیمانے کی اشیا سازی ایل ایس ایم) میں وسیع البنیاد اضافہ دیکھا گیا، برآمدات میں تیزی کا رجحان رہا۔ ایف بی آر ٹیکسوں میں نمو ہوئی اور خریف کی فصلوں میں بلند پیداوار ریکارڈ کی گئی، تاہم جوں جوں سال گذرا، کئی سال کی بلند ترین اجناس کی عالمی قیمتوں کے باعث بڑھتی ہوئی مہنگائی اور جاری کھاتے کا خسارہ چیلنج بن کر سامنا آیا۔ رپورٹ کے مطابق اس دباؤ کی وجہ سے طلب کو اعتدال پر لانے کیلئے دیگر ضوابطی اقدامات کے علاوہ زری سختی ضروری ہوگئی۔ جولائی تا دسمبر مالی سال 22ء کے اعداد و شمار کے مطابق تیار کردہ تجزیے کے مطابق رپورٹ میں بیان کیا گیا ہے کہ کووڈ 19 کے حوالے سے بہتر حالات کے ساتھ حکومت کی ویکسینیشن کی بھرپور مہم نے بڑی حد تک بلاتعطل معاشی سرگرمیوں کیلئے راہ ہموار کر دی۔

اس کے علاوہ مالیاتی اقدامات بشمول بعض شعبوں پر ٹیکس کٹوتیوں اور وفاقی و صوبائی ترقیاتی اخراجات میں توسیع کے ہمراہ بلند غیر سودی جاریہ اخراجات نے معاشی نمو کو سہارا دیا۔ مالی سال 22ء کی پہلی ششماہی میں ایل ایس ایم میں وسیع البنیاد اضافہ ہوا، جس میں 22 میں سے 16 ایل ایس ایم شعبوں میں پیداواری نمو ریکارڈ کی گئی، تاہم مالی سال 22ء کی پہلی سہ ماہی میں 9.7 فیصد کے اضافے کا اثر دوسری سہ ماہی کی قدرِ معتدل 5.5 فیصد نمو کی وجہ سے زائل ہوگیا۔

شعبہ زراعت میں خریف کی اچھی پیداوار کا سبب چاول اور گنے کی فصلوں کی ریکارڈ فصلیں تھیں، کپاس کی پیداوار بھی سازگار موسمی حالات کے باعث پچھلے سال کے مقابلے میں بڑھی، پہلی ششماہی میں برآمدات خاصی بڑھ گئیں، گو کہ دوسری سہ ماہی میں کچھ کمی آئی، برآمدی نمو میں دونوں عوامل یعنی بلند اکائی قیمتوں اور برآمدی حجم نے اپنا کردار ادا کیا۔ پہلی ششماہی میں غیر سودی اخراجات تیزی سے بحال ہوئے، جس کی وجہ سماجی تحفظ اور زرِ اعانت کے مصارف میں اضافہ ہے، جبکہ وفاقی سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا، دوسری سہ ماہی میں مالیاتی خسارہ قابو کرنے کیلئے اس میں بھی کمی آگئی۔


خبر کا کوڈ: 1008957

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1008957/اسٹیٹ-بینک-کی-معاشی-جائزہ-رپورٹ-جاری-اشیا-سازی-میں-اضافہ-برا-مدات-تیزی-کا-رجحان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org