0
Sunday 14 Aug 2022 17:40

مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ کا واقعہ، 7 صیہونی زخمی

مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ کا واقعہ، 7 صیہونی زخمی
اسلام ٹائمز۔ صیہونی پولیس نے کہا ہے کہ مقبوضہ قدس میں دو فلسطینیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں سات اسرائیلی زخمی ہوگئے ہیں۔ فلسطینی اور صیہونی میڈیا نے آج اتوار کی صبح اسرائیل میں فائرنگ کے واقعے کی خبر دی ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ مجاہدین نے مقبوضہ فلسطین میں ایک بس اسٹاپ پر صیہونیوں پر فائرنگ کر دی۔ اسرائیلی ایمرجنسی نے اعلان کیا کہ اس حملے میں سات صیہونی زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے تین کی حالت نازک ہے۔ صیہونی ٹی وی نے اسرائیلی پولیس سے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ فلسطینیوں کے ہاتھوں مقبوضہ قدس (دیوار البراق کے قریب، ہار-زیون پارکینگ) میں ایک ہی وقت میں فائرنگ کے دو واقعے وقوع پذیر ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق، ان کارروائیوں کے مرتکب افراد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد اسرائیلی پولیس نے ہائی الرٹ کرتے ہوئے سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے۔ الجزیرہ نے خبر دی ہے کہ فائرنگ کی ان کارروائیوں کے بعد اسرائیلی پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ یہودی آباد کاروں کو بیت المقدس میں دیوار البراق سے باہر جانے سے روکا جائے، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ فلسطینی مجاہدین انہیں دوبارہ اپنی گولیوں کا نشانہ بنائیں گے۔

بچوں کو قتل کرنے والی صیہونی حکومت کی 40 کے قریب فوجی گاڑیاں مذکورہ بالا کارروائی کے مرتکب افراد کو تلاش کرنے کے لئے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں واقع "سلوان" اور "جینین" کیمپ کی طرف روانہ ہوگئیں۔ نیز اسرائیلی حملہ آور ڈرونز بھی فلسطینی حملہ آوروں کی تلاش میں حصہ لینے کے لیے "سلوان" کی فضاوں میں محو پرواز ہوئے۔ عبرانی ذرائع ابلاغ نے مذکورہ صورتحال پر لکھا کہ مغربی کنارے میں "جنین" کیمپ پر صیہونی فوجیوں کے داخلے کے ساتھ ہی فلسطینی جوان اور مقاومت کار مسلح مزاحمت کر رہے ہیں۔ کچھ ہی دیر پہلے "حماس" کے ترجمان "فوزی برہوم" نے کہا کہ بیت المقدس میں شجاعانہ کارروائیاں قابضین، صیہونی آباد کاروں اور ہمارے لوگوں کے خلاف روز مرہ جنگی جرائم، ہماری سرزمین، اسلامی اور مسیحی مقدسات کی توہین کا فطری جواب ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1009147
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش