0
Sunday 14 Aug 2022 20:54

ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں کی بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری

ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں کی بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے وفد کی 75ویں یوم آزادی کے موقع پر صدر علامہ باقر عباس زیدی کی سربراہی میں علماء و ذاکرین کے ہمراہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، فاتحہ خوانی کے ساتھ ملکی سالمیت اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ مختار امامی، علامہ علی انور جعفری، علامہ صادق جعفری، ناصر حسینی، زاہد عباس، قیصر عباس، راحیل عباس و دیگر موجود تھے۔ مزار قائد پر علامہ باقر عباس زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس آزاد و خودمختار پاکستان کا تصور علامہ اقبال نے پیش کیا اور جس کے قیام کے لئے قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے انتھک جدوجہد کی، اس ارض پاک کی تکمیل کے لئے پوری قوم کو اسی لگن، دیانتداری اور جذبے کے ساتھ اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا حصول محض کسی زمینی ٹکڑے کے لئے نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد ایک ایسی اسلامی مملکت کا قیام تھا جو اپنے فیصلوں میں آزاد ہو، جس کے داخلی و خارجی فیصلے قومی مفادات کے تابع ہو، گزشتہ چوہتر سالوں سے عالمی استکباری طاقتیں پاکستان کے معاملات اور ہمارے دیگر ممالک سے تعلقات کو اپنی مرضی کے تابع دیکھنے کی متمنی ہیں، جو ریاست ملک و قوم کے وقار کو مقدم سمجھتی ہے وہ کسی بیرونی ڈکٹیشن کو خاطر میں نہیں لاتی، اس حقیقت کا ادارک صرف انہیں رہنماؤں کو ہوتا ہے جو باضمیر و باشعور عوام کی آنکھ سے معاملات کو پرکھنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری شناخت اور رب کریم کی طرف سے عطاکی گئی ایک عظیم نعمت ہے۔

علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ ہمارا یہ وطن ہماری مذہبی آزادی، ہمارے عقیدوں کے تحفظ اور نسلوں کی بقاء کا ضامن ہے، ہمیں اپنی جان و مال سے بڑھ کر اس کی حفاظت کرنا ہوگی، حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوکر ہر اس دشمن کے خلاف ہم نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہے جو ہماری سالمیت اور بقا کا دشمن ہے، ہم نے اپنے اتحاد، وحدت، باہمی احترام اور رواداری سے ملک دشمن سازشوں کو شکست دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پاکستان کی بقاء، سلامتی اور خوشحالی تجدید عہد اور ملک دشمنوں سے جنگ کے عزم کا دن ہے، یوم آزادی پر شہدائے پاکستان کو خراچ عقیدت پیش کرتے ہیں، 14 اگست تجدید عہد وفا کا دن ہے، کسی ملک و اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو اس ملک میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1009157
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش