0
Sunday 14 Aug 2022 21:32
گورے انگریز چلے گئے کالے انگریز چھوڑ گئے

یہ جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار انگریزوں سے زیادہ ظلم کر رہے ہیں، مصطفیٰ کمال

یہ جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار انگریزوں سے زیادہ ظلم کر رہے ہیں، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بےحساب قربانیوں اور لاکھوں لوگوں کی جانوں کا نذرانہ دے کر وجود میں آنے والا ملک ابھی بھی آزاد نہیں ہے، گورے انگریز چلے گئے کالے انگریز چھوڑ گئے، انگریز ہمیں نماز، روزہ، حج یا مسجد میں جانے سے نہیں روکتے تھے بلکہ اختیارات نہیں دیتے تھے، آج بھی حکمران ہمیں ہماری گلی کے اختیارات کہاں دے رہا ہے؟ یہ جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار انگریزوں سے زیادہ ظلم کر رہے ہیں، آسمان سے گرے کھجور میں اٹکے ہیں، پاک سرزمین پارٹی اس پاکستان کو حقیقی معنوں میں آزاد کرائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5 اسٹار چورنگی پر جشن آزادی کی شاندار تقریب میں بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی و دیگر اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل سمیت ہزاروں کی تعداد میں بچے، بزرگ، خواتین اور نوجوان موجود تھے، جو جشن آزادی اور وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار پروقار انداز میں جشن آزادی منا رہے تھے جبکہ عوام کی جانب سے سید مصطفیٰ کمال کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، 12 بجنے سے پہلے پروقار انداز میں ہزاروں لوگوں نے مل کر قومی ترانہ پڑھا جس کے بعد شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ روزانہ معیشت کے حوالے سے تشویشناک خبریں آتی ہیں، ایسے میں عوام کو تو صبر کرنے کا کہا جاتا ہے، بجلی نہیں، گیس نہیں، پانی نہیں عوام برداشت کرے لیکن کیا کسی ادارے میں مشکل حالات میں رشوت میں کمی آئی ہے، ایک ادارے سے بھی رشوت کے ریٹ کم نہیں ہوئے، اب صرف فائلوں میں منصوبے بن رہے ہیں، پینے کے پانی اور گٹر لائنوں کا انچارج وزیراعلیٰ ہے، جب تک ان حکمرانوں سے اس وطن کو آزاد نہیں کرائیں گے آزادی مکمل نہیں ہوگی، ہم سب یہاں اپنی آزادی کی تجدید کرنے کیلئے جمع ہیں جس کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دیں، آج آزادی کے مقاصد کی تجدید کی ضرورت ہے کیونکہ ہم ان مقاصد سے بہت دور چلے گئے ہیں، ہمارا ملک یرغمال ہوگیا ہے، ہمیں اپنے وطن کے لوگوں کو حقیقی آزادی دلانے کا عہد کرنا ہوگا، ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ کا نعرہ لگا کر اس وطن کو حاصل کیا، اس ملک کے آئین میں لکھا ہے کہ کوئی قانون اسلام کے خلاف نہیں ہوگا لیکن 75 سال سے یہاں سودی نظام رائج ہے، 75 سالوں سے اللہ اور اس کے رسول محمدﷺ سے کھلی جنگ کر رہے ہیں، ہمیں اللہ کے آگے ہتھیار ڈالنے ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 1009170
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش