QR CodeQR Code

گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

14 Aug 2022 22:58

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ آج ہم نے ثابت کرنا ہے کہ ہم سب پاکستانی ہیں، ہم میں کوئی فرق نہیں ہے۔ کیونکہ پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریے پر قائم ہے۔ پاکستان بنانے میں علمائے کرام کا بھی بہت کردار تھا۔


اسلام ٹائمز۔ گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر پروقار رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد تھے جبکہ ان کے ہمراہ رجسٹرار سمیت تمام شعبہ جات کے ڈینز، سربراہان، اساتذہ، انتظامی افسران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد اقبال خان وزیر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر 1122 فضل منان، طلباء شریک تھے۔ تقریب میں پاکستان سے محبت کے جذبہ سے سرشار غیر ملکی طلباء اور گومل یونیورسٹی ملازمین کی اقلیتی برادری نے خصوصی طور پر حصہ لیا۔ غیر ملکی طلباء نے نعت جبکہ اقلیتی برادری نے ملی نغمہ پیش کرکے محفل کو چار چاند لگادیئے۔ تقریب کا آغاز وائس چانسلر گومل یونیورسٹی کی سربراہی میں جامعہ مسجد میں ختم القرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیم خان آڈیٹوریم میں مرکزی تقریب کا باقاعدہ آغاز سائرن بجا کر ہوا اور بعد میں وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے پرچم کشائی کی۔ گومل یونیورسٹی کی سیکیورٹی کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ آج ہم نے ثابت کرنا ہے کہ ہم سب پاکستانی ہیں، ہم میں کوئی فرق نہیں ہے۔ کیونکہ پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریے پر قائم ہے۔ پاکستان بنانے میں علمائے کرام کا بھی بہت کردار تھا۔ پاکستان کا پہلا جھنڈا برصغیر کے اس حصہ میں جہاں آج ہمارا پاکستان ہے مولانا شبیر احمد عثمانی نے لہرایا، جو شیخ الہند کے شاگرد تھے جبکہ بنگلہ دیش کے حصہ میں ظفر احمد عثمانی نے جھنڈا لہرایا تھا اور وہ بھی شیخ الہند کے شاگرد تھے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ آزادی پاکستان کی تحریک میں علمائے کرام کا اہم کردار تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 75 سال ہو گئے مگر آج تک ہم مسائل و مشکلات سے گزر رہے ہیں۔ 1933ء میں جب پاکستان کا نام رکھا اس وقت پاکستان کے نام میں کشمیر بھی شامل تھا۔ لہٰذا آج کے دن آپ اپنے کشمیری بہن، بھائیوں کو لازمی یاد رکھیں۔ آج تک ہمارے مظلوم کشمیری بہن بھائی، بھارتی ظلم و ستم کے شکار ہیں اور اس پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔


خبر کا کوڈ: 1009178

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009178/گومل-یونیورسٹی-ڈیرہ-اسماعیل-خان-میں-رنگا-رنگ-تقریب-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org