0
Sunday 14 Aug 2022 23:56

یومِ آزادی یومِ تشکر ہے، شیخ الجامعہ این ای ڈی

یومِ آزادی یومِ تشکر ہے، شیخ الجامعہ این ای ڈی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی معروف انجینئرنگ درسگاہ جامعہ این ای ڈی کے یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹینس کے زیر اہتمام ”پاکستان کے 75 برس، اچیومنٹ، چیلنجز اور دی وے فارورڈ“ کے موضوع پر پینل ڈسکشن کا انعقاد نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) میں کیا گیا، جس کی صدارت شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کی، جبکہ میزبانی کے فرائض ڈین فیکلٹی آف آرکیٹکچر اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد نے انجام دیئے ۔ پینل میں شعبہ بین الاقوامی تعلقات جامعہ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم نے اظہارِ خیال کیا، جبکہ بیرسٹر شاہدہ جمیل اور معروف تجزیہ کار و ریکٹر ملینیم انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرنورشپ ڈاکٹر ہما ناز بقائی نے آن لائن شرکت کی۔ تقریب کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف آرکیٹکچر اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد کا کہنا تھا کہ ہماری آزادی کیلئے لڑنے والے اور اس آزادی کو قائم رکھنے والے ہیروز کی قربانیاں اپنی مثل آپ ہیں، آزادی نعمت ہے، جس کی جتنی قدر کی جائے کم ہے۔

شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ یومِ آزادی منانے کا مقصد آزادی کا شُکر ادا کرنا ہے، یعنی یہ یومِ آزادی یوم ِ تشکر ہے، اپنے بزرگوں سے سنا کہ شب کے بارہ بجے براڈ کاسٹر ظہور آذر نے انگریزی میں اعلان کیا کہ یہ پاکستان براڈ کاسٹنگ سروس ہے، یہی الفاظ اُردو میں مصطفیٰ ہمدانی نے دُہرائے، تو قوم جھوم اٹھی، اتنی قربانیوں کے بعد رات کی سطح پر اس آواز کا ابھرنا، نوجوان اس لمحے کو محسوس کریں۔ پروفیسر شعبہ بین الاقوامی تعلقات پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم کا کہنا تھا کہ ہم علامہ اقبالؒ اور قائداعظم محمد علی جناحؒ  کی دور اندیشی اور دور بینی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کے شہری ہونے کے ناطے ہمیں ان اقدار اور اُصولوں پر غور کرنا چاہیے، جو ہماری آزادی کیلئے لڑنے والوں کے قلوب و اذہان میں تھے۔

تقریب کی آن لائن مقررہ بیرسٹر شاہدہ جمیل اور ڈاکٹر ہما بقائی کا کہنا تھا کہ ملکی سیاسی اور حکومتی قائدین کو سوچنا ہوگا کہ اگر ہم خودانحصاری کی جانب مائل ہو جائیں، تو قدرت نے ہمیں مالا مال رکھا ہے، ان وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی تقدیر کو بدلا جا سکتا ہے۔ انہو‌ں نے بالخصوص نوجوانوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کہا کہ ہم زندگی گزار چکے ہیں، اب آئندہ نسلوں کو بہتر پاکستان دینا اس یوتھ کے ذمہ ہے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں اساتذہ نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1009183
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش