QR CodeQR Code

قم المقدسہ میں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے علمی و فکری نشست کا شاندار انعقاد

14 Aug 2022 23:54

آخر میں ادارہ سیاسیات کے مدیر حجۃ الاسلام والمسلمین محمد ثقلین واحدی نے شرکاء کو یومِ آزادیٔ پاکستان کی مبارکباد دی اور انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے وطن عزیز پاکستان کا ہم پر حق ہے کہ ہم قیامِ پاکستان کے مقاصد اور اہداف سے مزید آشنائی اور اسکے راستے میں پیش آنیوالی مشکلات کے حل کیلئے اس جیسی علمی و فکری نشستوں کا اہتمام کرتے رہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی ادارہ سیاسیات کیجانب سے اس قسم کی مثبت نشستوں کا اہتمام کیا جاتا رہیگا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر قم المقدسہ میں علمی و فکری ادارہ "سیاسیات" کی جانب سے 14 اگست بروز اتوار یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شخصیات نے شرکت اور خطاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ "سیاسیات" کی جانب سے منعقدہ اس نشست کا عنوان "قیامِ پاکستان کے مقاصد: مسائل، مشکلات، راہِ حل" تھا۔ پاکستان کے محقق اور تجزیہ نگار حجۃ الاسلام والمسلمین مفتی امجد عباس نے آئین پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آئین پاکستان کے چند مفید آرٹیکلز پر روشنی ڈالی اور آئین اور قانون کے فرق کو بیان کیا۔ حجۃ الاسلام والمسلمین زوار حسین علوی نے قیام پاکستان کے مقاصد، مشکلات اور ان کے راہِ حل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہما کے پاکستان بنانے کے لئے دیکھے گئے خوابوں اور منشورات کو بیان کیا۔

انہوں نے بعض اسلامی ممالک کے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بعض ذرائع پاکستان کے بھی اسرائیل سے تعلقات اور اس سے سفارتی تعلقات کی بحالی کی بات کر رہے ہیں جو کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریۂ پاکستان کے صریحاً خلاف ہے۔ ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اس نشست کے اگلے خطیب سرپرست مدرسہ امام علی (ع) قم المقدسہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید سلمان نقوی صاحب تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان، اسلام کے نام پر وجود میں آیا اور آئین پاکستان میں یہ بات موجود ہے کہ اس ملک کا کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان واحد اسلامی ملک ہے، جو ایٹمی پاور ہے اور اسی طرح محل وقوع کے اعتبار سے بھی پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے۔ حکمرانوں کو چاہیئے کہ وہ وطن عزیز پاکستان کی نعمتوں کی قدر کریں اور ملک کے باسیوں سے بہترین استفادہ کریں۔

حوزہ علمیہ اور یونیورسٹی کے استاد حجۃ الاسلام والمسلمین محمد رضا پیری نے بھی پاکستان میں اسلامی قوانین کے نفاذ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مسلمان انتہائی دیندار اور اپنے دین کے متعلق حساس ہیں۔ اسی لئے پاکستان میں دینی قوتوں کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ ہم سب کو چاہیئے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں دین کے نفاذ کا سبب بنیں اور دشمنانِ دین کے مذموم پالیسیوں سے لوگوں کو آگاہ کریں۔ آخر میں ادارہ سیاسیات کے مدیر حجۃ الاسلام والمسلمین محمد ثقلین واحدی نے شرکاء کو یومِ آزادیٔ پاکستان کی مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے وطن عزیز پاکستان کا ہم پر حق ہے کہ ہم قیامِ پاکستان کے مقاصد اور اہداف سے مزید آشنائی اور اس کے راستے میں پیش آنے والی مشکلات کے حل کے لئے اس جیسی علمی و فکری نشستوں کا اہتمام کرتے رہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی ادارہ سیاسیات کی جانب سے اس قسم کی مثبت نشستوں کا اہتمام کیا جاتا رہے گا۔ قابلِ ذکر ہے کہ اس نشست میں نظامت کے فرائض جناب نذر عباس ثاقب نے ادا کئے اور بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر سید احمد شہریار نے وطن عزیز پاکستان کے متعلق اشعار کے ساتھ شرکاء سے داد وصول کی۔ نشست کا اختتام دعاء امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف سے ہوا۔


خبر کا کوڈ: 1009204

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009204/قم-المقدسہ-میں-یوم-آزادی-پاکستان-کی-مناسبت-سے-علمی-فکری-نشست-کا-شاندار-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org