QR CodeQR Code

بھارت کو 100 فیصد ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے ہم وطن پانچ عہد لیں، نریندر مودی

15 Aug 2022 14:19

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ آج امرت کال کی پہلی صبح وہ نوجوان نسل سے ملک کو مکمل ترقی یافتہ قوم بنانے میں اپنا حصہ ڈالنے کی اپیل کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستانی معاشرہ توقعات سے بھرا ہوا ہے اور انہیں پورا کرنے کے لئے ہمیں پانچ عہد لینے ہوں گے، جن کی بنیاد پر 100 فیصد ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر ہوگی جو ترقی کے ہر امتحان پر پورا اترے گا اور جس کا مرکز انسانیت ہوگی۔ پیر کو 76ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اپنے نویں خطاب میں مودی نے کہا کہ ملک کا نوجوان توقعات سے بھرا ہوا ہے اور امنگوں کا طوفان ہے، وہ اب انتظار نہیں کرنا چاہتا اور ترقی یافتہ ملک کے آزادی پسندوں اور شہداء کے خواب کو اپنے سامنے پورا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے طویل عرصے تک انتظار کیا لیکن نوجوان نسل اب آنے والی نسل کو اس کا انتظار کرانے کے لئے مجبور نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے امرت دور کے پہلے دن میں دیکھ رہا ہوں کہ ہندوستان کے لوگ امنگوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ ہر آدمی حالات کو بدلتا دیکھنا چاہتا ہے اور وہ اس تبدیلی کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ آج امرت کال کی پہلی صبح وہ نوجوان نسل سے ملک کو مکمل ترقی یافتہ قوم بنانے میں اپنا حصہ ڈالنے کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے امرت کال کے 25 سال بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان برسوں میں اپنی طاقت پنچ پرن پر مرکوز کرنی ہوگی، ہمیں اپنی طاقت کو مرکوز کرنا ہے اور ہمیں ان پنچ پرنوں کو لے کر 2047ء تک آزادی کے دیوانوں کے تمام خوابوں کو پورا کرنے کی ذمہ داری لیکر چلنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 1009271

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009271/بھارت-کو-100-فیصد-ترقی-یافتہ-ملک-بنانے-کیلئے-ہم-وطن-پانچ-عہد-لیں-نریندر-مودی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org